زور زبردستی اور ظلم وجبر سے مسائل کو حل نہیں کیا جاسکتا ، میرواعظ عمر فاروق

ہفتہ 27 ستمبر 2025 21:30

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 ستمبر2025ء) غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میرواعظ عمرفاروق نے کہاہے کہ زور زبردستی اور ظلم وجبر سے مسائل کو حل نہیں کیا جاسکتا۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق میرواعظ نے آج گھر میں نظربندی سے رہائی کے بعد سرینگر میں اسلامیہ ہائیر سیکنڈری اسکول میں منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم ذہنوں کو منور کرتی ہے اور حقوق و فرائض کے شعور کو بیدار کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حقیقی اور پائیدار ترقی جابرانہ اقدامات سے نہیں بلکہ مکالمے، بحث و مباحثے اور باہمی روابط کے ذریعے حاصل ہوتی ہے۔میرواعظ نے بھارتی حکام کے رویے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ طاقت کے استعمال کا سہارا لیتے ہیں چاہے نظر بندی مسلط کرنی ہو یا جامع مسجد کو بند کرنا ہو۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس طرح کے اقدامات مسائل کو حل کرنے کے بجائے انہیں مزید پیچیدہ بنا دیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وہ جامع مسجد میں اجتماع سے نہایت احساسِ ذمہ داری کے ساتھ خطاب کرتے ہیں۔ میرواعظ نے کہا کہ جامع مسجد کا منبرو محراب محبت، تفہیم اور تعمیری مکالمے کا پلیٹ فارم ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ وہ سماجی، مذہبی یا سیاسی مسائل پر خاموش نہیں رہ سکتے اور باوقار و پرامن حل کی جستجو جاری رکھیں گے۔ میرواعظ عمر فاروق کی گھر میں نظربندی آج ختم کی گئی ، انہیں گزشتہ تین جمعہ سے جامع مسجد سرینگرمیں خطاب اورنماز ادا کرنے کی اجازت نہیں دی گئی ۔