ظ*دوسرا چیف آف دی نیول اسٹاف انٹرنیشنل سیلنگ ریگاٹا 2025 کراچی میں اختتام پذیر

×چیمپئن شپ میں مصر، ایران، ملائیشیا، سری لنکا، تھائی لینڈ اور پاکستان کے ماہر سیلرز کی بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ شرکت

ہفتہ 27 ستمبر 2025 22:25

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 ستمبر2025ء)23 تا 27 ستمبر 2025 تک کراچی کی سمندری حدود میں منعقد ہونے والا دوسرا چیف آف دی نیول اسٹاف انٹرنیشنل سیلنگ ریگاٹا 2025 پی این ایس رہبر کراچی میں ایک پروقار اختتامی تقریب کے ساتھ اپنے اختتام کو پہنچ گیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر برائے ثقافت، سیاحت، نوادرات و آرکائیوز جناب ذوالفقار علی شاہ نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔

ہفتہ بھر جاری رہنے والی اس چیمپئن شپ میں مصر، ایران، ملائیشیا، سری لنکا، تھائی لینڈ اور پاکستان کے ماہر سیلرز نے بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ شرکت کی۔ ٹورنامنٹ کے دوران لیزر اسٹینڈرڈ / ILCA 7، لیزر ریڈیل / ILCA 6، اور ونڈ سرفنگ RSX کی تین کیٹیگریز میں مقابلے منعقد کیے گئے۔ ہر کیٹیگری میں بارہ کامیاب ریسز کا انعقاد کیا گیا، جن میں قومی و بین الاقوامی سطح کے 38 سیلرز نے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔

(جاری ہے)

مہمانِ خصوصی نے اپنے خطاب میں تمام شرکائ کو شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر مبارکباد پیش کی اور بین الاقوامی ٹیموں کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ انہوں نے خطے میں سیلنگ اور واٹر اسپورٹس کے فروغ کے لیے پاک بحریہ کی کاوشوں کو بھی سراہا۔ بعد ازاں، مہمانِ خصوصی نے جیتنے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے اور ٹورنامنٹ کے دوران ان کی عمدہ کارکردگی کو بھرپور انداز میں سراہا۔

لیزر اسٹینڈرڈ / ILCA 7 کیٹیگری میں ملائیشیا سے تعلق رکھنے والے خیرالنظام بن مہد افندی نے پہلی پوزیشن حاصل کی، جبکہ تھائی لینڈ سے تعلق رکھنے والے آرتھت میخائل رومانیک رنر اپ قرار پائے۔ اسی طرح لیزر ریڈیل / ILCA 6 کیٹیگری میں تھائی لینڈ کے نوپاسورن کھونبونجن نے پہلی پوزیشن حاصل کی اور ملائیشیا کے محمد اسنوی اقبال بن آدم دوسرے نمبر پر رہے۔

مزید برآں، ونڈ سرفنگ RSX کیٹیگری میں پاکستان کے محمد عرفان نے پہلی پوزیشن جبکہ پاکستان ہی کے طارق علی نے دوسری پوزیشن حاصل کی۔ ٹورنامنٹ میں پاکستان اور ملائیشیا کے کھلاڑی ایک ایک سونے، چاندی اور کانسی کے تمغوں کے ساتھ سر فہرست رہے۔ جبکہ تھائی لینڈ کے کھلاڑی ایک ایک سونے اور چاندی کا تمغہ اور مصر کے کھلاڑی ایک کانسی کا تمغہ اپنے نام کرنے میں کامیاب رہے۔ اختتامی تقریب میں مسلح افواج، غیر ملکی سفارتخانوں اور سول اداروں کے اعلیٰ عہدیداران کی بڑی تعداد نے شرکت کی