گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری سے ترکیہ کے قونصل جنرل کی ملاقات،دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال

اتوار 28 ستمبر 2025 18:50

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 ستمبر2025ء) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری سے ترکیہ کے حال ہی میں تعینات ہونے والے قونصل جنرل ارگُل کاداک نے گورنر ہائوس میں ملاقات کی، جس میں پاک ترکیہ دوطرفہ تعلقات، سفارت کاری، سرمایہ کاری، تجارت، وفود کے تبادلے اور عوامی فلاح و بہبود سمیت باہمی دلچسپی کے متعدد امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اتوار کو گورنر ہائوس سے جاری اعلامیہ کے مطابق ملاقات کے دوران گورنر سندھ نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے تعلقات کئی دہائیوں پر محیط ہیں اور وقت کے ساتھ ساتھ یہ تعلقات مزید مستحکم ہو رہے ہیں۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور وفود کے تبادلے میں اضافے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس سے نہ صرف معاشی ترقی کو فروغ ملے گا بلکہ عوامی سطح پر روابط بھی مضبوط ہوں گے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ترکیہ کے قونصل جنرل ارگُل کاداک نے کہا کہ ان کا ملک پاکستان کو خطے میں معاشی و دفاعی لحاظ سے مزید مضبوط دیکھنا چاہتا ہے۔ انہوں نے گورنر سندھ کی جانب سے شروع کیے گئے "گورنر انیشیٹیوز" کے تحت جاری فلاحی منصوبوں کو سراہتے ہوئے انہیں قابلِ ستائش اور موثر اقدامات قرار دیا۔ قونصل جنرل نے قائداعظم محمد علی جناح کے تاریخی دفتر کا بھی دورہ کیا اور بانی پاکستان کے زیراستعمال اشیاء میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ بعد ازاں انہوں نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی قلم بند کیے۔