رائٹ ٹو انفارمیشن کا قانون شہریوں کیلئے حکومتی شفافیت اور احتساب کا ایک اہم ذریعہ ہے، ڈپٹی کمشنر پشین

اتوار 28 ستمبر 2025 21:20

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 ستمبر2025ء) ڈپٹی کمشنر پشین منصور احمد قاضی نے رائٹ ٹو انفارمیشن کے عالمی دن کی مناسبت سے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آج پاکستان سمیت دنیا بھر میں عام آدمی کی معلومات تک رسائی کا عالمی دن منایا جا رہا ہے،یہ دن آفسر شاہی سے معلومات کے حصول میں درپیش مشکلات کو دور کرنے کا دن ہے،جبکہ صوبہ بلوچستان کے ضلع پشین میں بھی رائٹ ٹو انفارمیشن (معلومات تک رسائی) کا قانون شہریوں کے لیے حکومتی شفافیت اور احتساب کا ایک اہم ذریعہ ہے۔

انہوں نے ضلع کے عوام کو آگاہی دینے کے لیے بتایا کہ آرٹیکل A۔19 آئین کا حصہ ہے اور اس قانون کے تحت عام عوام کو عوامی اہمیت کے تمام سرکاری معاملات میں معلومات حاصل کرنے کا حق دیا گیا ہےاور اس قانون کے تحت کسی بھی سرکاری محکمہ/خودمختار یا نیم خودمختار سرکاری ادارے اور حکومتی معاونت سے چلنے والے اداروں سے معلومات کے بروقت حصول کے لیے درخواست دی جا سکتی ہے،جس پر متعلقہ ضلعی انفارمیشن آفسر (آر ٹی اے) ایکٹ کے سیکشن 10 کی ذیلی شق 7 کے تحت 14 دن میں درخواست گزار کو مطلوبہ معلومات کی فراہمی کا پابند ہےجبکہ اگر وہ معلومات قومی سلامتی یا عوامی مفاد کے خلاف نہ ہوں،اس قانون کا مقصد حکومتی معاملات میں شفافیت کو فروغ دینا اور کرپشن کے خاتمے کے لیے راہیں ہموار کرنا ہے،تاہم ضروری ہے کہ رائٹ ٹو انفارمیشن کے قانون پر موثر عملدرآمد کے لیے تمام متعلقہ اداروں کو بلا تاخیر تعاون کرنا ہوگا۔

(جاری ہے)

دریں اثناء ڈپٹی کمشنر قاضی منصور نے رائٹ ٹو انفارمیشن اور اسکے قانونی اور تکنیکی مہارتوں کی تعریف کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ بلوچستان کے دیگر اضلاع کی طرح ضلع پشین میں بھی شفافیت،جوابدہی اور بہتر حکمرانی کے لیے معلومات تک رسائی کے عوامی حق کو عام کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔ مزید براں اس ضمن میں انکا کہنا تھا کہ ضلعی محکمہ تعلقات عامہ کی ذمہ داری بنتی ہے کہ حکومتی پالیسیوں اور اقدامات کو بروقت اور درست انداز میں عوام تک پہنچائیں تاکہ ضلعی انتظامیہ سمیت دیگر تمام محکمہ جات پر عوامی اعتماد اور باہمی تعاون کو مزید فروغ دیا جا سکے۔