مصر کی انجینئرنگ کے شعبے کی برآمدات 12 فیصد اضافہ سے 4.187 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں

پیر 29 ستمبر 2025 12:48

قاہرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 ستمبر2025ء) مصر کی انجینئرنگ کے شعبے کی برآمدات رواں سال کے پہلے 8 ماہ کے دوران 12 فیصد اضافہ کے ساتھ 4.187 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں۔ اماراتی نیوز ایجنسی ’’وام‘‘ کے مطابق متحدہ عرب امارات سال 2025 میں مصر کی انجینئرنگ برآمدات کے لیے سب سے بڑی منڈی کے طور پر ابھر کر سامنے آیا ۔

(جاری ہے)

مصر کی وزارت تجارت و صنعت کے تحت انجینئرنگ ایکسپورٹ کونسل کے مطابق اس اہم شعبے میں مسلسل ترقی دیکھنے میں آ رہی ہے ،جنوری تا اگست 2025 کے دوران اس شعبے کی برآمدات میں 12 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور یہ 4.187 ارب امریکی ڈالر تک پہنچ گئیں جو کہ 2024 کی اسی مدت کے دوران 3.746 ارب ڈالر تھیں۔

کونسل کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر مے حلمی نے کہا کہ ہدفی منڈیوں خاص طور پر یورپ، ایشیا، افریقہ، امریکا اور عرب ممالک میں نمایاں توسیع دیکھنے میں آئی ہے جن میں سب سے زیادہ اضافہ متحدہ عرب امارات کی منڈی میں ہوا۔کونسل کے چیئرمین شریف السیاد نے کہا کہ یہ اضافہ اس شعبے کی عالمی منڈیوں میں مسابقتی صلاحیت کو اجاگر کرتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ سطح اس شعبے کی آٹھ ماہ کی مدت کے دوران سب سے زیادہ ہے اور اس بات کا امکان ہے کہ سال کے اختتام تک برآمدات 6 ارب امریکی ڈالر تک پہنچ جائیں گی۔