ترکمانستان کے 34ویں یومِ آزادی کی مناسبت سے اسلام آباد میں گالف ٹورنامنٹ کا انعقاد

پیر 29 ستمبر 2025 13:07

ترکمانستان کے 34ویں یومِ آزادی کی مناسبت سے اسلام آباد میں گالف ٹورنامنٹ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 ستمبر2025ء) ترکمانستان کے 34ویں یومِ آزادی کے موقع پر اسلام آباد میں ترکمانستان کے سفارت خانے کے زیر اہتمام گالف ٹورنامنٹ منعقد کیا گیا، جس میں مختلف ملکوں کے سفیروں، سفارتکاروں اور اہم شخصیات نے شرکت کی اور کامیاب کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے گئے۔ اس موقع پر ترکمانستان کے سفیر اور اسلام آباد میں سفارتی کور کے ڈین اتاجان موولاموف نے مہمانوں کا خیر مقدم کیا۔

ڈین اتاجان موولاموف کی میزبانی میں ہونے والا یہ ایونٹ سفارتی حلقوں میں خوب سراہا گیا۔ ڈین اتاجان موولاموف نے کہا کہ ترکمانستان کھیل پسند اور امن دوست ملک ہے اور کھیلوں کے ذریعے مختلف ملکوں کے لوگوں کو قریب لایا جا سکتا ہے۔تقریب میں وزارتِ خارجہ کے افسران اور ویتنام، اٹلی، پولینڈ، قازقستان، آذر بائیجان، شام، میانمار، انڈونیشیا، ملیشیا، برونائی سمیت کئی ملکوں کے سفیر اور سفارتکار موجود تھے۔

(جاری ہے)

تقریب کے اختتام پر کامیاب کھلاڑیوں کو میڈلز اور انعامات دیئے گئے جن میں ویتنام، اٹلی، پولینڈ، انڈونیشیا، قازقستان، ملائیشیا، برونائی اور میانمار کے سفیر ا و رسفارتکار شامل تھے۔ شرکانے اس ایونٹ کو سفارتی تعلقات اور باہمی دوستی کو فروغ دینے کا بہترین موقع قرار دیا۔تقریب میں شامل دیگر معزز شخصیات میں وزارتِ خارجہ کے ایڈیشنل سیکرٹری حمید اصغر خان، ویتنام کے سفیر فام انہ توان، پولینڈ کے سفیر ماچیے پسارسکی، قازقستان کے سفیر یرازان کیسٹیفن، آذربائیجان کے سفیر خضر فرحادوف، شام کے سفیر ڈاکٹر رامز الراعی، میانمار کے سفیر وونا ہان، اور اٹلی کی سفیر ماریلینا آرمیلن شامل تھے۔

اس کے علاوہ انڈونیشیا، ملائیشیا، اور یورپی یونین کے سفارتکاروں نے بھی شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ترکمانستان کے سفیر اتاجان موولاموف نے کہا کہ یومِ آزادی کے موقع پر گالف ٹورنامنٹ کا انعقاد ترکمانستان کی اس روایت کی عکاسی کرتا ہے کہ ہم ایک کھیل دوست اور امن پسند قوم ہیں۔انہوں نے کہا کہ ترکمان قوم کھیلوں سے محبت کرنے والی قوم ہے۔

ترکمانستان کی خارجہ پالیسی امن، غیرجانبداری، اور عالمی تعاون کے اصولوں پر مبنی ہے، جسے اقوامِ متحدہ سمیت پوری دنیا تسلیم کرتی ہے۔سفیر موولاموف نے کہا کہ ترکمانستان قدرتی گیس کے وسیع ذخائر رکھنے والے ممالک میں شامل ہے، اور وہ خطے کی معاشی ترقی کے لیے توانائی کے شعبے میں تمام ممالک سے تعاون کرنے کے لئے پرعزم ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور ترکمانستان کے تعلقات تاریخی، ثقافتی اور اقتصادی بنیادوں پر استوار ہیں، جو دن بدن مزید مضبوط ہو رہے ہیں۔