Live Updates

محسن نقوی کرکٹ بورڈ کی سربراہی کے اہل نہیں ہیں : محمد حفیظ

اگر آپ ایک غلطی کو سلجھانے کیلئے دوسری اور پھر تیسری غلطی کریںگے تو اسکا مطلب ہے کہ آپ قیادت کے قابل نہیں : سابق کپتان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 29 ستمبر 2025 16:30

محسن نقوی کرکٹ بورڈ کی سربراہی کے اہل نہیں ہیں : محمد حفیظ
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 29 ستمبر 2025ء ) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور ٹیم ڈائریکٹر محمد حفیظ کا کہنا ہے کہ محسن نقوی کرکٹ بورڈ کی سربراہی کے اہل نہیں ہیں ۔ ایک یوٹیوب چینل کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے محمد حفیظ کا کہنا تھا کہ ’میں نہیں جانتا کہ محسن نقوی کس کام میں اچھے ہیں، لیکن مجھے یقین ہے کہ کرکٹ ایڈمنسٹریشن میں وہ بالکل اچھے نہیں۔

وہ کرکٹ کو کچھ نہیں دے پا رہے ملک کو۔ اگر آپ ایک غلطی کو سلجھانے کیلئے دوسری غلطی کرینگے، دوسری غلطی کو سلجھانے کیلئے تیسری غلطی کریں گے تو اس کا مطلب ہے کہ آپ قیادت کے قابل نہیں۔ یہی سب سے بڑا مسئلہ ہے‘۔
واضح رہے کہ محسن نقوی دور میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی شرمناک شکستوں کا نیا ریکارڈ بن گیا ہے، بھارت کیخلاف مسلسل شکستوں، 34 سال بعد ویسٹ انڈیز کیخلاف ون ڈے سیریز میں شکست، امریکا، آئرلینڈ کے ہاتھوں شکست، بنگلہ دیش کے ہاتھوں ٹیسٹ، ٹی ٹونٹی سیریز میں شکست، ٹیسٹ چیمپئن شپ میں آخری نمبر، پاکستان کرکٹ کے زوال نے شائقین کرکٹ کو پریشان کر دیا۔

(جاری ہے)

چئیرمین پی سی بی محسن نقوی کی جانب سے کرکٹ بورڈ میں آمد کے بعد سے پاکستان کی کرکٹ نے زوال کی نئی تاریخ رقم کر دی۔ 
سامنے آنے والے تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق 2024 سے اب تک کھیلے گئے بین الاقوامی ٹی ٹوئنٹی میچز میں پاکستان کرکٹ ٹیم کا دنیا میں سب سے بدترین ریکارڈ رہا ہے۔
پاکستان نے گزشتہ ایک سال کے دوران 74 ٹی ٹونٹی میچز کھیلے جن میں سے اسے 42 میں شکست ہوئی۔

گزشتہ ایک سال کے دوران کسی دوسری ٹیم کو اتنے ٹی ٹوئنٹی میچز میں شکست نہیں ہوئی۔ 
محسن نقوی دور میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی شرمناک شکستوں کا ریکارڈ بن چکا ہے۔ محسن نقوی کے چئیرمین پی سی بی بننے کے بعد پاکستان ٹی ٹونٹی ورلڈکپ میں امریکا سے شکست کھا چکا، آئرلینڈ کے ہاتھوں بھی پاکستان کو شکست ہو چکی، پاکستان ہوم گراونڈ پر کمزور ویسٹ انڈیز کیخلاف ٹیسٹ سیریز جیتنے میں بھی ناکام رہا، جبکہ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں پاکستان کو آخری نمبر ملا۔
اس کے علاوہ صرف ایک سال میں پاکستان کو بنگلہ دیش کے ہاتھوں ٹیسٹ سیریز میں وائٹ واش کا سامنا کرنے کے بعد ٹی ٹونٹی سیریز میں بھی شکست ہو گئی۔
Live ایشیاء کپ سے متعلق تازہ ترین معلومات