‘جیکب آباد ،ڈاکٹر اے جی انصاری کا فلسطین میں جاری اسرائیلی مظالم اور نہتے فلسطینی عوام کی نسل کشی پر گہری تشویش اور شدید مذمت

منگل 30 ستمبر 2025 03:55

‘جیکب آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 ستمبر2025ء) جمعیت علماء اسلام سندھ کے ترجمان ڈاکٹر اے جی انصاری نے فلسطین میں جاری اسرائیلی مظالم اور نہتے فلسطینی عوام کی نسل کشی پر گہری تشویش اور شدید مذمت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ غاصب اسرائیل کی درندگی اور جارحیت انسانیت کے لیے ایک کھلا چیلنج ہے مگر افسوس کہ عالمی ضمیر اور مسلم حکمران سنگین ظلم پر خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں، انہوں نے کہا کہ معصوم بچوں، عورتوں اور بزرگوں پر بمباری کرکے بستیوں کو مٹی کا ڈھیر بنانا تاریخ کا سیاہ ترین باب ہے انہوں نے کہا کہ امریکہ اور مغربی طاقتوں کی پشت پناہی کے باوجود گریٹر اسرائیل کا خواب کبھی شرمندہ تعبیر نہیں ہوگا فلسطینی عوام کی قربانیاں اور ان کی جدوجہد ثابت کرچکی ہے کہ کوئی طاقت انہیں ان کے جائز حق آزادی سے محروم نہیں رکھ سکتی، جے یو آئی سندھ کے ترجمان نے اسلامی دنیا کی خاموشی اور بے حسی کو لمحہ فکریہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ مسلم حکمران اگر متحد ہو جائیں تو اسرائیل کی جارحیت چند دنوں میں دم توڑ سکتی ہے مگر اقتدار کی کرسیوں سے وابستہ مفادات نے امت کو کمزور کردیا ہے، انہوں نے کہا کہ وقت آ گیا ہے کہ مسلم ممالک اپنے اختلافات بھلا کر فلسطین کے لیے مشترکہ اور موثر حکمت عملی اختیار کریں، ڈاکٹر اے جی انصاری نے عالمی اداروں اور اقوام متحدہ سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ محض قراردادوں اور بیانات پر اکتفا کرنے کے بجائے فوری عملی اقدامات کریں تاکہ نہتے فلسطینی عوام کو مزید قتل عام سے بچایا جاسکے انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ فلسطینی بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے ہر سطح پر آواز بلند کریں اور عالمی ضمیر کو جھنجھوڑنے میں اپنا کردار ادا کریں