Live Updates

گلین میکسویل فٹنس مسائل کے باعث نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز سے باہر، جوش فلپ کی ٹیم میں طلبی

منگل 30 ستمبر 2025 08:40

ویلنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 ستمبر2025ء) آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیم کے لئے بری خبر یہ ہے کہ سٹار آل راؤنڈر گلین میکسویل نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی 20 سیریز سے باہر ہو گئے ہیں۔ کرکٹ ویب سائٹ کے مطابق36 سالہ مایہ ناز آل رائونڈر گلین میکسویل کی دائیں کلائی کی ہڈی فریکچر ہو گئی ہے جس کی وجہ سے وہ نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز سے باہر ہوگئے ہیں۔

گلین میکسویل نیٹس پریکٹس کے دوران چوٹ لگنے کے باعث اپنے دائین ہاتھ کی کلائی کی ہڈی تڑوا بیٹھے ۔گلین میکسویل کو وطن واپس بھیج دیا گیا ہے جہاں وہ آئندہ چند روز میں ماہر ڈاکٹر زسے رجوع کریں گے۔ ٹیم ذرائع کا کہنا ہے کہ انہیں جلد صحتیابی کی امید ہے، مگر بھارت کے خلاف اکتوبر کے آخر میں شروع ہونے والی ہوم سیریز میں ان کی شرکت مشکوک ہے۔

(جاری ہے)

کرکٹ آسٹریلیا (سی اے)نے وکٹ کیپر بیٹر جوش فلپ کو سکواڈ میں شامل کر لیا ہے تاکہ موجودہ وکٹ کیپر ایلکس کیری کے زخمی ہونے کی صورت میں متبادل موجود ہو۔ واضح رہے کہ فلپ کو اس سے قبل جوش انگلس کے ان فٹ ہونے پر بھی سکواڈ میں شامل کیے جانے پر غور کیا گیا تھا، لیکن ترجیح ایلکس کیری کو دی گئی۔گلین میکسویل کی غیر موجودگی کے ساتھ ساتھ آسٹریلیا کو پہلے ہی کئی اہم کھلاڑیوں کی خدمات حاصل نہیں ہوں گی ۔

جوش انگلس پنڈلی کی چوٹ،پیٹ کمنز کمر کی درد،کیمرون گرین شیلڈ کرکٹ کے باعث آرام پر ہیں اورنیتھن ایلس بچے کی پیدائش کے باعث غیر حاضر ہیں۔آسٹریلیا کے لیے یہ سیریز اور آئندہ بھارت کے خلاف میچز 2026 کے ٹی 20 ورلڈ کپ کی تیاریوں کے لیے نہایت اہم ہیں۔ گلین میکسویل اور جوش انگلس جیسے متحرک کھلاڑیوں کی غیر موجودگی سے ٹیم کمبی نیشن پر اثر پڑنے کا خدشہ ہے۔واضح رہے کہ نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز کا پہلا میچ یکم اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔
Live ایشیاء کپ سے متعلق تازہ ترین معلومات