Live Updates

آسٹریلیا کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز سے قبل کیوی آل رائونڈر راچن راویندرا چہرے پر چوٹ لگنے سے زخمی ہو گئے

منگل 30 ستمبر 2025 10:30

ویلنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 ستمبر2025ء) نیوزی لینڈ کے آل راؤنڈر راچن راویندرا کو آسٹریلیا کے خلاف تین ٹی20 بین الاقوامی میچوں پر مشتمل سیریز سے قبل چہرے پر چوٹ لگ گئی ہے۔کرکٹ ویب سائٹ کے مطابق 25 سالہ آل رائونڈر راچن راویندرا کے ساتھ یہ واقعہ منگل کو ٹریننگ سیشن کے دوران اس وقت پیش آیا جب وہ کیچ پکڑنے کی کوشش میں باؤنڈری بورڈ سے ٹکرا گئے جس کے باعث وہ چہرے پر چوٹ لگنے سے زخمی ہو گئے ہیں۔

اس حوالے سے نیوزی لینڈ کرکٹ کا کہنا ہے کہ راچن رویندرا باؤنڈری لائن پر کیچ پریکٹس کے دوران باؤنڈری ہورڈنگ سے ٹکرا گئے تھے تاہم ابتدائی طور پر ان کو دماغی چوٹ سے محفوظ قرار دیا گیا ہے۔ راچن راویندرا میڈیکل ٹیم کی نگرانی میں رہیں گے۔ انہوں نے ابتدائی کنکشن ٹیسٹ پاس کر لیا ہے۔

(جاری ہے)

راچن راویندرا آسٹریلیا کے خلاف ہوم ٹی ٹونٹی سیریز کے لئے نیوزی لینڈ سکواڈ کا حصہ ہیں۔

واضح رہے کہ نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان 3 ٹی ٹونٹی میچز کی سیریز کل بدھ سے نیوزی لینڈ میں شروع ہو رہی ہے۔اس سے قبل رواں سال فروری میں بھی پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان سہ فریقی سیریز کے پہلے میچ کے دوران کیوی کھلاڑی راچن راویندرا گیند لگنے سے زخمی ہوگئے تھے۔ واضح رہے کہ نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان 3 ٹی ٹونٹی میچز کی سیریز کا پہلا میچ کل بدھ کو بے اوول، ماؤنٹ مونگانوئی میں کھیلا جائے گا۔
Live ایشیاء کپ سے متعلق تازہ ترین معلومات