اردن، متحدہ عرب امارات، انڈونیشیا، پاکستان، تُرکیہ، سعودی عرب، قطر اور مصر کے وزرائے خارجہ نے غزہ میں جنگ کے خاتمے کیلئے امریکی صدر کی کوششوں کو سراہا ہے، وزارت خارجہ

منگل 30 ستمبر 2025 11:21

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 ستمبر2025ء) اردن، متحدہ عرب امارات، انڈونیشیا، پاکستان، تُرکیہ، سعودی عرب، قطر اور مصر کے وزرائے خارجہ نے غزہ میں جنگ کے خاتمے کیلئے امریکی صدر ڈونلڈ جے ٹرمپ کی مخلصانہ کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے امریکی صدر امن کی راہ تلاش کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔وزارت خارجہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق مشترکہ بیان میں ان ممالک کے وزرائے خارجہ نے خطے میں امن کے قیام کے لیے امریکا کے ساتھ شراکت داری کی اہمیت پر زور دیا۔

وزرائے خارجہ نے صدر ٹرمپ کے اس اعلان کا خیرمقدم کیا جس میں انہوں نے جنگ کے خاتمے، غزہ کی تعمیرِ نو، فلسطینی عوام کی جبری بے دخلی کی روک تھام اور جامع امن کے فروغ کی تجویز دی ہے، وزراء خارجہ نے امریکی صدر کے اس اعلان کا بھی خیرمقدم کیا کہ وہ مغربی کنارے کے الحاق کی اجازت نہیں دیں گے۔

(جاری ہے)

بیان کے مطابق وزراء خارجہ نے اس امر کا اعادہ کیا کہ وہ معاہدے کو حتمی شکل دینے اور اس پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے امریکا اور تمام فریقین کے ساتھ مثبت اور تعمیری طور پر بات چیت کے لیے تیار ہیں تاکہ خطے کے عوام کے لیے امن، سلامتی اور استحکام کو یقینی بنایا جا سکے۔

انہوں نے اس مشترکہ عزم کا اعادہ کیا کہ وہ امریکا کے ساتھ مل کر غزہ میں جنگ کے خاتمے کے لیے ایک جامع معاہدے پر کام کریں گے جو غزہ کو بڑے پیمانے پر انسانی امداد کی بلا رکاوٹ ترسیل کو یقینی بنائے گا، فلسطینیوں کی بے دخلی روکے گا، یرغمالیوں کی رہائی کو یقینی بنائے گا، ایسا سکیورٹی میکنزم قائم کرے گا جو تمام فریقوں کی سلامتی کی ضمانت دے، مکمل اسرائیلی انخلا کو ممکن بنائے، غزہ کی تعمیر نو کرے اور ایک منصفانہ امن کی راہ ہموار کرے جو دو ریاستی حل کی بنیاد پر ہو، جس کے تحت غزہ کو مکمل طور پر مغربی کنارے کے ساتھ ضم کر کے ایک فلسطینی ریاست تشکیل دی جائے، جو بین الاقوامی قانون کے مطابق خطے کے استحکام اور سلامتی کو یقینی بنانے کی کنجی ہے۔