جموں و کشمیر، کالے قانون کے تحت میر واعظ کی زیرقیادت عوامی مجلس عمل پر پابندی برقرار

منگل 30 ستمبر 2025 16:38

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 ستمبر2025ء) بھارت کے غیر قانونی طور پرزیر تسلط جموں و کشمیر میں ایک ٹربیونل نے مقبوضہ علاقے میں آزادی پسند سیاسی جماعتوں پر قدغنوں کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے ،میرواعظ عمر فاروق کی سربراہی میں قائم عوامی مجلس عمل پر مودی حکومت کی طرف سے عائد کی گئی پابندی کو برقرار رکھا ہے۔

(جاری ہے)

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے کالے قانون کے تحت قائم ٹریبونل نے نئی دہلی کے 11مارچ کے نوٹیفکیشن کی توثیق کی ہے جس میں عوامی مجلس عمل کو غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے کالے قانون کے تحت غیر قانونی تنظیم قراردیاگیاتھا۔

ٹربیونل نے بھارتی وزارت داخلہ کے ان الزامات کاحوالہ دیاکہ عوامی مجلس عمل نے کشمیریوں کے حق خودارادیت کو فروغ دیا، سیاسی شعور بیدار کیا اور کشمیریوں کی جدوجہدآزادی کی حمایت کی۔اس پابندی کے ذریعے میر واعظ عمر فاروق ان کی تنظیم عوامی مجلس عمل کو نشانہ بنایاگیاہے اوران پر اور پارٹی کے دیگر رہنمائوں پر کشمیریوں کی بھارتی تسلط سے آزادی سے متعلق تقاریر کرنے اور نعرے لگانے کے الزامات عائد کئے گئے ہیں ۔