مقبوضہ کشمیر، جھوٹے مقدمات میں تحریک حریت اورنیشنل فرنٹ کے کارکنوں کے خلاف فرد جرم عائد

منگل 30 ستمبر 2025 14:12

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 ستمبر2025ء)غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میںپولیس نے کشمیریوں کی اپنے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت کے لیے جاری جدوجہد آزادی کوکمزور کرنے کیلئے بارہمولہ میں تحریک حریت جموں و کشمیر کے کارکنوں کے خلاف فرد جرم عائد کی ہے ۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق پولیس نے پٹن پولیس اسٹیشن میں درج دو الگ الگ مقدمات میں سوپور کی نام نہاد این آئی اے عدالت میں فردجرم عائد کی ۔

(جاری ہے)

یہ مقدمات کالے قوانین یو اے پی اے کے تحت تحریک حریت جموں وکشمیر اور نیشنل کانفرنس کے ارکان کے خلاف درج کئے گئے ہیں ۔ پولیس نے امن و امان کو برقرار رکھنے کی آڑ میں آزادی پسند کارکنوں پر "تخریبی سرگرمیوں"میں ملوث ہونے کا الزام لگایاہے۔ تاہم انسانی حقوق کے گروپوں کے مطابق اس طرح کے جھوٹے اور بے بنیاد مقدمات کا مقصد صرف سیاسی کارکنوں کی غیر قانونی گرفتاری کو طول دینا ہے۔کشمیری سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ مودی حکومت نے پرامن سیاسی کارکنوں کو انتقامی کارروائی کا نشانہ بنانے اور کشمیری عوام کی خواہشات کی نمائندگی کرنے والی حقیقی آوازوں کے خلاف کالے قانون یو اے پی اے اوردیگر کا استعمال تیز کر دیا ہے ۔