کانگریس کا لہہ میں شہری ہلاکتوں کی عدالتی تحقیقات کا مطالبہ،مودی نے لداخ کے لوگوں کو دھوکہ دیا: راہل گاندھی

منگل 30 ستمبر 2025 21:10

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 ستمبر2025ء) بھارت میں کانگریس قیادت نے بھارتی فورسز کی فائرنگ سے چار شہریوں کی ہلاکت کی مذمت کرتے ہوئے واقعہ کی غیر جانبدارانہ عدالتی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کانگریس کے صدر ملکارجن کھرگے اورسینئر رہنما راہول گاندھی نے اپنے سوشل میڈیا پوسٹس میں کہاکہ وزیر اعظم نریندر مودی نے لداخ کے لوگوں کو دھوکہ دیاہے۔

انہوں نے کہاکہ ہلاک ہونے والوں میں کرگل جنگ میں حصہ لینے والے تسیوانگ تھرچن بھی شامل ہیں۔ کانگریس صدر ملکارجن کھرگے نے سوشل میڈیا پر تھرچن کے والد کی ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ تسیوانگ تھرچن نے کرگل جنگ میں بھارت کا دفاع کیا، بدلے میں انہیں کیا ملا؟ لداخ میں مودی حکومت کی گولی! دونوں باپ بیٹے نے فوج کی خدمت کی۔

(جاری ہے)

کھرگے نے گلوان تصادم کے بعد چین کو کلین چٹ دینے پر مودی پر تنقید کرتے ہوئے کہاجب لداخ کے گلوان علاقے میں ایل اے سی پر 20فوجی مارے گئے، تو مودی نے چین کوکلین چٹ دے دی۔

ایسی حکومت کیسے تسیوانگ تھرچن جیسے بہادر سپاہیوں کی قربانی کا احترام کر سکتی ہے؟ یہ بی جے پی کی کھوکھلی قوم پرستی ہے۔راہول گاندھی نے بھی ویڈیو کو پوسٹ کرتے ہوئے کہاکہ باپ فوج میں، بیٹا فوج میں ،حب الوطنی ان کے خون میں دوڑ رہی ہے، پھر بھی اس بہادر بیٹے کو صرف لداخ کے حقوق کے لیے کھڑے ہونے پر گولی مار دی گئی۔