کوئٹہ میں ہونے والے دہشت گرد حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہیں،میر زرین خان مگسی

منگل 30 ستمبر 2025 22:10

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 ستمبر2025ء) محکمہ ثقافت، سیاحت و قانون کے پارلیمانی سیکرٹری نوابزادہ میر زرین خان مگسی نے اپنے ایک مذمتی بیان میں کہا ہے کہ کوئٹہ میں ہونے والے دہشت گرد حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔اس سانحے میں شہید ہونے والے معصوم افراد کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی، جبکہ زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعاگو ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان اورملک بھر کے عوام دہشت گردی کے خلاف متحد ہیں اور کسی بھی صورت میں دشمن کو اپنے عزائم میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ دہشت گردوں کی ناکام کوششیں صرف ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں کہ اس وطن کو پرامن، خوشحال اور ترقی یافتہ بنائیں۔نوابزادہ زرین خان مگسی نے مزید کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے فوری اور بہادری سے کارروائی کرتے ہوئے دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا، جو اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ ہمارے سکیورٹی ادارے ہر قیمت پر عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے تیار ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سالمیت اور بقا کے خلاف سرگرم عناصر کو کبھی معاف نہیں کیا جائے گا اور ان کے خلاف فیصلہ کن اقدامات جاری رہیں گے۔ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے حکومت، فورسز اور عوام کا اتحاد ہی اصل قوت ہے جو وطن عزیز کو امن و ترقی کی راہ پر گامزن کرے گا۔