قابض حکام نے سرینگر میں تحریک حریت جموں وکشمیرکا مرکزی دفتر ضبط کرلیا

بدھ 1 اکتوبر 2025 13:20

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 اکتوبر2025ء)غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں قابض حکام نے سرینگر کے علاقے رحمت آباد، حیدر پورہ میں تحریک حریت جموں وکشمیرکا مرکزی دفتر ضبط کرلیا۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق یہ ضبطی غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے کالے قانون ’’یو اے پی اے ‘‘ کے تحت کی گئی اوریہ تحریک آزادی کشمیر کو دبانے کے لئے جاری ظالمانہ ہتھکنڈوں کا حصہ ہے۔

(جاری ہے)

ضبط کی گئی جائیداد میں ایک کنال اورایک مرلہ اراضی پر تعمیر کی گئی تین منزلہ عمارت شامل ہے۔ بھارتی پولیس نے بتایاکہ یہ عمارت تحریک حریت کے مرکزی دفتر کے طور پر استعمال کی جارہی تھی ۔ بھارتی حکومت نے آزادی پسند نظریات کو فروغ دینے اور وادی میں مسلح سرگرمیوں میں سہولت کاری کے الزام پر تحریک حریت پرپہلے ہی پابندی عائد کررکھی ہے۔قابض حکام نے تصدیق کی کہ یہ ضبطی کالے قانون یواے پی اے کی مختلف دفعات کے تحت پولیس اسٹیشن بڈگام میں درج ایک مقدمے کے سلسلے کی گئی ہے۔