Live Updates

پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ قابل مذمت ، واپس لیا جائے ‘جاوید قصوری

حکمرانوں کی کاکردگی ٹک ٹاک اور اشتہارات تک محدود ہو چکی ہے ‘امیر جماعت اسلامی پنجاب

بدھ 1 اکتوبر 2025 14:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 اکتوبر2025ء)امیر جماعت اسلامی پنجاب محمد جاوید قصوری نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ عوام کے لئے انتہائی سخت فیصلہ ہے جو مہنگائی کی نئی لہر کو جنم دے گا اور کاروبار ی لاگت میں بے پناہ اضافہ کرے گا، ملک میں پہلے ہی مہنگائی نے عوام کا جینا محال کر دیا ہے ،حکومت معاشی بحالی کی آڑ میں کاروبار دشمن پالیسیاں ترک کرکے عوام اور تاجر برادری کو ریلیف فراہم کرے۔

انہوں نے کہا کہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کاروباری طبقے اور عام شہریوں دونوں کے لیے مشکلات کا باعث بن رہا ہے۔ صنعتی و کاروباری طبقہ پہلے ہی بڑھتے ہوئے اخراجات اور ٹیکسوں کی بھرمار سے پریشان ہیں اب ایندھن کی قیمتوں میں اضافے نے صورتحال کو مزید ابتر کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

میڈیا رپورٹس کے مطابق ملک میں 6ہزار سے زائد کارخانے بند ہو چکے ہیں ، لاکھوں مزدور بے روزگار ہیں ۔

لوگ فاقہ کشی پر مجبور ہیں ۔ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی ڈنگ ٹپائو پالیسیوں نے ملکی معیشت بہتر ہو گی اور نہ ہی عوام کی زندگیوں میںخوشحالی ممکن ہے ۔ضرورت اس بات کی ہے کہ حکومت مہنگائی کے طوفان کو روکنے کے لیے عملی اقدامات کرے اور فوری طور پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کر کے عوام کو ریلیف دے تاکہ کاروبار کا پہیہ رواں رہ سکے اور ملک میں معاشی استحکام قائم ہو۔

ملکی معیشت کو سہارا دینے کے لئے پٹرول کی قیمت نصف پر لائی جائے، بجلی سستی اور شرح سود کم کیا جائے ۔ کرپٹ مافیا نے پاکستان کو بد ترین حالات سے دوچار کر دیا ہے ۔ محمدجاوید قصوری نے مزید کہا کہ ملک بھر میں بارہ کروڑ سے زائد افراد سطح غربت سے نیچے زندگی گزار رہے ہیں ، انھیں دو وقت کی روٹی میسر نہیں ، پینے کا صاف پانی ، صحت اور تعلیم جیسی بنیادی سہولیات تک میسر نہیں ہے ۔ ڈھائی کروڑ بچے اسکولوں سے باہر ہیں۔جبکہ حکمرانوں کی کاکردگی ٹک ٹاک اور اشتہارات تک محدود ہو چکی ہے ۔
Live مہنگائی کا طوفان سے متعلق تازہ ترین معلومات