Live Updates

سندھ میں سیلاب متاثرین کو صرف 10،10 ہزار جبکہ مریم نواز 10 ،10 لاکھ روپے دے رہی ہیں

ایسی بیان بازی سے پیپلزپارٹی اپنے پیروں پر کھڑی ہوسکتی، یہ اختلاف نہیں بلکہ اجتماعی طور پر پنجاب کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کا ردعمل

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ بدھ 1 اکتوبر 2025 19:09

سندھ میں سیلاب متاثرین کو صرف 10،10 ہزار جبکہ مریم نواز 10 ،10 لاکھ روپے ..
لاہور ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔ یکم اکتوبر 2025ء ) وزیراطلاعات و ثقافت پنجاب عظمٰی بخاری نے قمر الزمان کائرہ کی جانب سے کی جانے والی پریس کانفرنس پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کے رہنماؤں نے پنجاب حکومت کے خلاف پریس کانفرنسز کی ریس لگائی ہوئی ہے، اور پھر بھی یہ دعویٰ کرتے ہیں کہ وہ سیلاب متاثرین پر سیاست نہیں کر رہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں رہ کر پنجاب کی بیٹی پر تنقید کرنے سے پہلے پیپلز پارٹی رہنماؤں کو اپنا ماضی یاد کر لینا چاہیے۔ جس جماعت کی قیادت ایک خاتون کے پاس تھی، آج پوری جماعت ایک خاتون لیڈر کے خلاف پریس کانفرنسز کر رہی ہے۔ عظمٰی بخاری نے کہا کہ ہمیں اپنی مقبولیت اور عوامی خدمت پر فخر ہے، پیپلز پارٹی کو بھی اپنی مقبولیت اور عوامی حمایت پر توجہ دینی چاہیے۔

(جاری ہے)

انہوں نے واضح کیا کہ ایسی بیان بازی سے کوئی فرق نہیں پڑے گا، اور نہ ہی اس طرح پیپلز پارٹی اپنے پیروں پر کھڑی ہو سکتی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ یہ اختلاف نہیں بلکہ اجتماعی طور پر پنجاب کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب، ان کی کابینہ اور صوبے کے تمام ادارے پہلے دن سے سیلاب متاثرین کے درمیان موجود ہیں۔ ایسے سنجیدہ معاملے پر سیاست کرنا قمر الزمان کائرہ جیسے تجربہ کار سیاستدان کے شایانِ شان نہیں۔

عظمٰی بخاری نے کہا کہ جب ذاتی حملے کیے جائیں گے تو جواب بھی ضرور دیا جائے گا۔ آپ سندھ میں بی آئی ایس پی استعمال کریں، ہمیں اعتراض نہیں۔ سندھ میں آپ متاثرین کو 10،10 ہزار دے رہے ہیں، لیکن مریم نواز پنجاب کے متاثرین کو 10،10 لاکھ دے رہی ہیں، جو ان کی اصل ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کا خزانہ اور وسائل پنجاب کے عوام کی ملکیت ہیں، اور ان وسائل کو عوام پر خرچ کرنے کے لیے ہمیں کسی کے مشورے کی ضرورت نہیں۔ پنجاب حکومت نے اپنے فنڈز سے 20 ہزار کلو میٹر طویل سڑکیں تعمیر کی ہیں۔ مریم نواز کے 90 سے زائد منصوبے پنجاب کے فنڈز سے مکمل ہو رہے ہیں، اس میں وفاق کا ایک پیسہ بھی شامل نہیں۔ عظمٰی بخاری نے کہا کہ اس حقیقت پر ایک پنجابی ہونے کے ناطے خوشی ہونی چاہیے، افسوس نہیں۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات