یوسف رضا گیلانی کی گورنر ہائوس پشاور میں اپوزیشن اور پیپلز پارٹی کی خواتین اراکین اسمبلی سے ملاقات

صوبے کی سیاسی صورتحال، وفاقی حکومت سے متعلق معاملات ،باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال

جمعرات 2 اکتوبر 2025 21:50

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 اکتوبر2025ء)پاکستان کے قائم مقام صدر اور چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے گورنر ہاس پشاور میں صوبائی اسمبلی کی اپوزیشن اور پاکستان پیپلز پارٹی کی خواتین اراکین سے ملاقات کی۔اس موقع پر گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی، پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی صدر محمد علی شاہ باچا اور خیبر پختونخوا اسمبلی میں قائد حزب اختلاف ڈاکٹر عباداللہ بھی موجود تھے۔

ملاقات میں صوبے کی سیاسی صورتحال، وفاقی حکومت سے متعلق معاملات اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ قائم مقام صدر سید یوسف رضا گیلانی نے اراکین اسمبلی کو ان کے تحفظات کے حل کیلئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ اس موقع پر اراکینِ اسمبلی نے گورنر فیصل کریم کنڈی کے کردار کی تعریف کی جس پر چیئرمین سینیٹ گیلانی نے ریمارکس دیے کہ پاکستان تحریک انصاف کی صوبائی حکومت کے فاشسٹ اور غیر جمہوری رویے کے باوجود جس طرح فیصل کریم کنڈی گورنر آفس چلا رہے ہیں، وہ قابل ستائش اور قابل تعریف ہے۔

(جاری ہے)

دریں اثنا، قائم مقام صدر سید یوسف رضا گیلانی نے گورنر ہاس میں پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی اور صوبائی رہنماں سے بھی ملاقات کی جن میں پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل انجینئر ہمایوں خان، صوبائی صدر محمد علی شاہ باچا، سابق وفاقی وزرا نجم الدین خان اور ساجد حسین طوری ، سابق صوبائی وزیر اور سیکرٹری اطلاعات امجد خان آفریدی، سابق سپیکر اور ایم پی اے کرامت اللہ خان چغرمٹی، خیبر پختونخوا اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر احمد کریم کنڈی، ایم پی اے ارباب زرک خان خلیل، ڈویژنل صدر مصباح الدین، ضلعی صدر رضا اللہ چغرمٹی، صوبائی جوائنٹ سیکرٹری ملک سعید، اور ریڈ کریسنٹ خیبر پختونخوا کے چیئرمین فرزند علی وزیر شامل تھے۔

ملاقات کے دوران پارٹی تنظیمی امور، صوبے کی سیاسی صورتحال اور دیگر متعلقہ مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔قائم مقام صدر نے ایم پی اے شازیہ طہماس کے والد مرحوم کی روح کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی بھی کی۔قائم مقام صدر نے گورنر ہاس کے مختلف چیمبرز کا دورہ بھی کیا۔