ماحولیاتی آلودگی موجودہ دور کا ایک سنگین مسئلہ ہے،پروفیسر رابعہ عثمان بٹ

جمعہ 3 اکتوبر 2025 15:10

سیالکوٹ ،03 اکتوبر (اے پی پی) (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 اکتوبر2025ء) ماحولیاتی آلودگی موجودہ دور کا ایک سنگین مسئلہ ہے جو انسانی صحت، قدرتی وسائل معاشرتی زندگی براہِ راست متاثر کر رہا ہے۔ فضائی آلودگی، شور، صنعتی فضلہ اور پلاسٹک کا کچرا ہمارے ماحول کو بری طرح نقصان پہنچا رہے ہیں۔ اگر بروقت اقدامات نہ کیے گئے تو آنے والی نسلوں کے لیے صاف اور صحت مند ماحول ایک خواب بن جائے گا۔

ان خیالات کا اظہار پروفیسر رابعہ عثمان بٹ نے ایڈن گارڈن گرامر اسکول کوٹلی لوہاراں میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر انہوں نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ طلبہ اساتذہ ،والدیں ، کو چاہیے کہ وہ ماحولیاتی تحفظ کے لیے عملی کردار ادا کریں کیونکہ نوجوان نسل ہی اصل میں مستقبل کے معمار ہیں۔

(جاری ہے)

تعلیمی اداروں میں درخت لگانے کی مہمات، پلاسٹک کے استعمال میں کمی، اور صفائی کے بارے میں آگاہی پروگرام شروع کیے جائیں تاکہ نئی نسل ماحول دوستی کو اپنی زندگی کا حصہ بنا سکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ معاشرے کے ہر فرد پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ اپنی روزمرہ زندگی میں چھوٹے چھوٹے اقدامات کے ذریعے آلودگی کم کرنے میں اپنا کردار ادا کرے۔ شہری اگر کچرا مقررہ مقامات پر ڈالیں، فضول جلانے سے گریز کریں اور پانی کو ضائع نہ کریں تو مجموعی طور پر ماحول بہتر ہو سکتا ہے۔پروفیسر رابعہ عثمان بٹ نے کہا کہ صنعتی اداروں کو جدید فلٹر پلانٹس نصب کرنے چاہییں تاکہ فضلہ براہِ راست نہروں اور دریاؤں میں شامل نہ ہو۔ انہوں نے زور دیا کہ حکومت، فلاحی ادارے اور کمیونٹی مل کر ماحولیات کے تحفظ کے لیے جامع حکمت عملی بنائیں۔ صاف صحت مند ماحول ہی دراصل ایک خوشحال معاشرے اور ترقی یافتہ پاکستان کی بنیاد ہے۔