بھارت میں طالب علم شدید ذہنی دبائو اور مایوسی کا شکار ، خودکشیوں میں تیزی سے اضافہ

جمعہ 3 اکتوبر 2025 15:50

کانپور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 اکتوبر2025ء) بھارت میں شدید ذہنی دبائو اور مایوسی کے شکار طالب علموں میں خودکشیوں میں رحجان میں تیزی سے اضافہ ریکاڈ کیاگیاہے ۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ریاست اتر پردیش کے شہر کانپور میں انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کے ایک طالب علم نے خودکشی کر لی ہے ۔ ہریانہ سے تعلق رکھنے والے الیکٹریکل انجینئرنگ بی ٹیک کے آخری سال کا طالب علم دھیرج سینی کی لاش ہاسٹل کے کمرے میں چھت کے پنکھے سے لٹکی ہوئی پائی گئی ہے ۔

(جاری ہے)

اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس کلیان پوررنجیت کمار نے میڈیا کو بتایا ہے کہ دھیرج کے ساتھی طالب علموں نے دھیرج کے کمرے سے آنے والی بدبو کے بارے میں کالج انتظامیہ کو بتایا ۔ پولیس کی ایک ٹیم نے موقع پر پہنچ کر دھیرج کے کمرے کا دروازہ توڑا تو اس کی لاش چھت کے پنکھے سے لٹکی ہوئی پائی گئی ۔تاہم لاش کے پاس سے کوئی خودکشی کانوٹ نہیں ملاہے۔ ادھر ایک اور واقعے میں نئی دلی سے تعلق رکھنے والا 20سالہ مقابلے کے امتحان نیت کا امیدوار ریاست راجستھان کے علاقے کوٹا میں اپنے گیسٹ روم میں مردہ حالت میں پایاگیاہے ۔کوٹا شہر کے علاقے وگیان نگرسے ریاست بہارسے تعلق رکھنے والے ایک اور طالب علم نے خودکشی کی ہے جس کی لاش چھت کے پنکھے سے لٹکی ہوئی پائی گئی ہے ۔