Live Updates

وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر ضلع ملتان میں سیلاب نقصانات کا سروے جاری ہے ، ڈپٹی کمشنر

جمعہ 3 اکتوبر 2025 19:55

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 اکتوبر2025ء) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر ضلع ملتان میں سیلاب سے ہونے والے نقصانات کے تخمینے کے لیے سروے کا عمل تیزی سے جاری ہے،ضلعی انتظامیہ نے اس سلسلے میں 162 سے زائد مواضعات میں سروے ٹیمیں تعینات کر دی ہیں جو جدید آن لائن سسٹم کے تحت نقصانات کا ریکارڈ مرتب کر رہی ہیں۔

ڈپٹی کمشنر ملتان وسیم حامد سندھو نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور موقع پر موجود جوائنٹ سروے ٹیموں کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ٹیموں سے تفصیلی بریفنگ لی اور سروے کے معیار اور رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کی، ان کی مشکلات سنی اور انہیں یقین دلایا کہ حکومت ان کے ساتھ کھڑی ہے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ایک ایک گھر کا سروے مکمل کرنے کا واضح ٹاسک دیا ہے تاکہ کسی متاثرہ خاندان کو امداد سے محروم نہ رکھا جائے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے 82 سے زائد جوائنٹ ٹیمیں فیلڈ میں سروے کا عمل سرانجام دے رہی ہیں اور یہ مرحلہ مکمل ہونے کے بعد امدادی سامان اور مالی معاونت کی فراہمی کا آغاز کر دیا جائے گا۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ آن لائن سسٹم کے استعمال سے سروے میں شفافیت اور درستگی یقینی بنائی جا رہی ہے اور جلد متاثرہ خاندانوں کو ریلیف فراہم کیا جائے گا۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات