qلاہور میں مسیحی خاتون پر تیزاب پھینکنے کا لرزہ خیز واقعہ

ژ* وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر حنا پرویز بٹ کا متاثرہ خاتون کے گھر کا دورہ

جمعہ 3 اکتوبر 2025 18:30

gلاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 اکتوبر2025ء) تھانہ نشتر کالونی کی حدود میں مسیحی خاتون عاصمہ بی بی پر اٴْن کے شوہر کی جانب سے تیزاب پھینکنے کا افسوسناک واقعہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوئیں۔ واقعے کی تفصیلات اور ابتدائی تفتیش کے مطابق متاثرہ خاتون کے جسم کے متعدد حصوں اور کان پر زخم آئے ہیں اور مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر چیئرپرسن پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی، حنا پرویز بٹ فوری طور پر متاثرہ خاتون کے گھر پہنچیں، ان سے ملاقات کی، طبی حالت کا جائزہ لیا اور متاثرہ کو حکومت پنجاب کی جانب سے قانونی و طبی اور نفسیاتی معاونت فراہم کرنے کی یقین دہانی کروائی گئی۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے ملزم گرفتار کر لیا ہے۔

(جاری ہے)

حنا پرویز بٹ نے واقعے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ تیزاب گردی جیسے وحشیانہ جرائم کسی بھی صورت برداشت نہیں کیے جائیں گے۔

انہوں نے پولیس سے کہا کہ ملزم کو قانون کے مطابق سخت ترین سزا دلائی جائے تاکہ معاشرے میں واضح پیغام جائے کہ خواتین پر تشدد کرنے والوں کو کسی رعایت کی گنجائش نہیں ملے گی۔ پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی متاثرہ کے ساتھ قانونی، طبی اور نفسیاتی بحالی تک مکمل طور پر کھڑی رہے گی۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حنا پرویز بٹ کا کہنا تھا کہ آج کے اس ہولناک واقعے نے ہمارے دلوں کو زخمی کیا ہے، کسی کے ساتھ ایسا سلوک ناقابلِ قبول ہے۔

میں ہر پاکستانی چاہے کسی بھی مذہب، رنگ یا نسل سے تعلق رکھتا ہو سے اپیل کرتی ہوں کہ ہم ایک ایسی سوسائٹی کی تعمیر کے لیے متحد ہوں جہاں کسی کو خوف، ذلت یا تشدد کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ خصوصی طور پر اقلیتی برادری ہمارے دل کے بہت قریب ہے اور ان کے ساتھ کھڑا ہونا ہمارا اخلاقی اور قومی فرض ہے۔ ہم یہ واضح کرتے ہیں کہ ریاست اور حکومت ہر شہری کو تحفظ اور انصاف پہنچانے میں برابر کی سنجیدگی برتے گی۔

میں پولیس اور متعلقہ اداروں سے کہتی ہوں کہ متاثرہ کو فوری اور بہترین طبی و قانونی سہولتیں فراہم کی جائیں اور ملزمان کو کڑی سزا تک پہنچایا جائے تاکہ انصاف کے تقاضے پورے ہوں اور آئندہ ایسی وارداتوں کی روک تھام ممکن بنائی جا سکے۔چیئرپرسن نے آخر میں کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وڑن کے مطابق خواتین کے لیے محفوظ پنجاب ہمارا مشن ہے اور اس پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ اگر کسی کو ایسی وارداتوں کے متعلق معلومات ہوں تو فوراً متعلقہ حکام کو اطلاع دیں تاکہ فوری کارروائی ممکن ہو سکے۔