Live Updates

پاکستان انجینئرنگ کونسل کے زیر اہتمام سیلاب سے بچاؤ کی حکمت عملی کے لیے گول میز کانفرنس

جمعہ 3 اکتوبر 2025 19:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 اکتوبر2025ء) پاکستان انجینئرنگ کونسل (پی ای سی) نے جمعہ کے روز ایک اعلی سطحی گول میز کانفرنس کا انعقاد کیا جس میں بین الاقوامی ماہرین موسمیاتی تبدیلی و آفات، وفاقی و صوبائی اداروں کے سینئر ماہرین، ترقیاتی شراکت داروں اور ڈونر ایجنسیوں کے نمائندگان نے شرکت کی۔ کانفرنس کا مقصد پاکستان میں ہر سال آنے والے سیلابوں کے چیلنج سے نمٹنے کے لیے ایک جامع قومی حکمت عملی تیار کرنا تھا۔

پاکستان انجینئرنگ کونسل نے ماہرین کی تجاویز کی روشنی میں ایک فریم ورک تیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس میں 12 ماہ کا قلیل مدتی ایکشن پلان اور 1 سے 3 سال کی درمیانی مدت کی حکمت عملی شامل ہوگی۔ اس حکمت عملی کا مقصد سیلابی بحرانوں سے نمٹنے کے روایتی ردعمل کے بجائے ایک منظم اور موثر نظام اپنانا ہے تاکہ لوگوں، روزگار، زراعت، خوراک اور معیشت پر پڑنے والے منفی اثرات کو کم کیا جا سکے۔

(جاری ہے)

کانفرنس کے اختتام پر چیئرمین پاکستان انجینئرنگ کونسل انجینئر وسیم نذیر نے کہا کہ اب معمول کے مطابق چلنا ممکن نہیں، ہمیں فوری اور مربوط اقدامات کرنا ہوں گے۔ پاکستان انجینئرنگ کونسل نے حکومت اور دیگر متعلقہ اداروں کے ساتھ قریبی تعاون کی یقین دہانی کروائی تاکہ آئندہ سال سیلاب سے ہونے والے نقصانات کو کم سے کم کیا جا سکے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات