Live Updates

بین الاقوامی سطح پر ماحولیاتی شراکت داری کو مزید مضبوط بنا یا جائے ،سابق چیئرمین این ڈی ایم اے

جمعہ 3 اکتوبر 2025 20:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 اکتوبر2025ء) قائداعظم یونیورسٹی کے ایریا سٹڈی سینٹر میں "سیلاب سے مستقبل تک: یو ایس پاکستان کلائمیٹ پارٹنرشپ" کے عنوان سے ایک اہم سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ سیمینار کے مہمان خصوصی نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے سابق چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل (ر) عمر محمود حیات تھے جنہوں نے پاکستان میں قدرتی آفات سے نمٹنے کے ادارہ جاتی نظام پر روشنی ڈالی۔

انہوں نے کہا کہ اگرچہ ملک کے پاس مضبوط قانونی ڈھانچہ موجود ہے، مگر وسائل کی کمی اور ماہر افرادی قوت کی قلت بڑی رکاوٹیں ہیں۔ عمر محمود حیات نے کہا کہ پاکستان دنیا میں گرین ہائوس گیسوں کا کم اخراج کرنے والے ممالک میں شامل ہے، لیکن اسے موسمیاتی تبدیلیوں جیسے شدید سیلاب، غیر متوقع مون سون بارشوں اور درجہ حرارت میں اضافے جیسے خطرات کا سامنا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بین الاقوامی سطح پر ماحولیاتی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا۔ انہوں نے امریکہ اور پاکستان کے درمیان معدنیات و کان کنی کے شعبوں میں تعاون کو خوش آئند قرار دیا اور بھارت کے ساتھ حالیہ کشیدگی کے باوجود ڈیزاسٹر مینجمنٹ میں رابطوں کو جاری رکھنے کو ایک مثبت قدم قرار دیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر ایریا سٹڈی سینٹر ڈاکٹر سعدیہ سلیمان نے مہمان خصوصی کو یادگاری شیلڈ پیش کی۔ مقررین نے زور دیا کہ پاکستان صرف عالمی شراکت داری، مضبوط عزم اور موثر قیادت کے ذریعے ہی موسمیاتی خطرات سے نمٹ سکتا ہے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات