سرینگرمیں بھرتی کے عمل میں دھوکہ دہی ،ضلع کولگام میں پانی کی شدید قلت کے خلاف احتجاجی مظاہرے

ہفتہ 4 اکتوبر 2025 11:45

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 اکتوبر2025ء) بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں وکشمیر کے گرمائی دارلحکومت سرینگر میں ملازمت کے خواہشمند افراد کی بڑی تعداد نے محکمہ فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا اور بھرتی کے عمل میں دھوکہ دہی کے خلاف نعرے لگائے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق مظاہرین کا کہنا تھا کہ دھوکہ دہی کا یہ معاملہ 12سال سے زیر التوا ہے اور حکام تاحال انصاف کی فراہمی میں ناکام ہیں۔

انہوں نے معاملے کی شفاف تحقیقات اور بھرتی کے عمل میں ہونے والی دھوکہ دہی میں ملوث افراد کو سزا دینے کا مطالبہ کیا ۔ مظاہرین نے کہ وہ 12 سال سے انصاف کا مطالبہ کر رہے ہیں ، یہ ایک سنگین ناانصافی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بھرتی کا عمل ہیرا پھیری اور بے ضابطگیوں سے متاثر ہوا، غیر مستحق امیدواروں کو جگہ دی گئی جبکہ حقیقی امیدواروں کو باہر کردیا گیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے خبردار کیا کہ جب تک قصورواروں کو سزا نہیں ملتی، نظام پر عوام کا اعتماد بحال نہیں ہوگا۔ دریں اثنا ضلع کولگام کے علاقے لارکی پورہ کے رہائشیوں نے پانی کی شدید قلت کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ انہوں نے علاقے کی مرکزی شاہراہ بند کر دی جس کی وجہ سے ٹریفک کی آمد ورفت کافی دیر تک متاثر رہی ۔ مظاہرین نے کہا کہ اگر پانی کی فراہمی فوری طور پر بحال نہ کی گئی تو وہ اپنے احتجاج میں شدت لائیں گے۔