Live Updates

سیلاب سے متاثرہ69 تحصیلوں میں27 اکتوبر تک سروے مکمل کرلیا جائے گا ، ڈی جی پی ڈی ایم اے پنجاب

ہفتہ 4 اکتوبر 2025 13:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 اکتوبر2025ء) ڈی جی پی ڈی ایم اے پنجاب عرفان علی کاٹھیا نے کہا ہے کہ صوبے کی سیلاب سے متاثرہ69 تحصیلوں میں27 اکتوبر تک سروے مکمل کرلیا جائے گا۔ انہوں نے ہفتہ کو یہاں پی ڈی ایم اے ہیڈکوارٹر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ متاثرہ علاقوں میں بینک آف پنجاب کے بوتھ قائم کیے جائیں گے تاکہ سیلاب متاثرین کے لئے ہر ممکن سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنا یا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں موسم تبدیل ہونے سے سردی کی آمد آمد ہے،چند روز میں بارشیں متوقع ہیں، پنجاب کے مختلف اضلاع میں ہلکی بارش کا امکان ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 5اکتوبر سے لاہور،راولپنڈی میں بارش کا امکان ہے، اسی طرح جنوبی پنجاب میں بھی بارش کا امکان ہے ۔

(جاری ہے)

ڈی جی پی ڈی ایم اے پنجاب نے کہا کہ بالائی علاقوں میں 70 ملی میٹر تک بارشیں متوقع ہیں ۔

دریائے چناب میں 20 ہزار کیوسک پانی آرہا ہے، آئندہ 48 گھنٹوں میں بھارت سے ایک لاکھ کیوسک پانی آسکتا ہے۔ ہیڈ مرالہ میں اس وقت 30 ہزار کیوسک پانی جا رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ منگلا میں بھی پانی کی سطح بلند ہے، تاہم دریائے جہلم میں بہت بڑی سیلابی صورتحال متوقع نہیں۔ دریائے ستلج میں 50 ہزار کیوسک پانی بھارت سے آنے کا امکان ہے جبکہ تھیں ڈیم سے راوی میں 35 ہزار کیوسک پانی آنے کا امکان ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 27 اضلاع میں سروے جاری ہے۔11500 افراد سروے میں شامل ہیں ۔ سروے ٹیم میں پاک فوج، ضلعی انتظامیہ سمیت مختلف محکموں کے افسران شامل ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ 2213ٹیمیں 27 اضلاع میں اپنی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں ۔ آن لائن ڈیش بورڈ کی رئیل ٹائم مانیٹرنگ جاری ہے ۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات