Live Updates

خیبرپختونخوا کی کابینہ نے 9 مئی کو توڑ پھوڑ اور فائرنگ کا مقدمہ واپس لینے کی منظوری دیدی

ہفتہ 4 اکتوبر 2025 20:26

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 اکتوبر2025ء) خیبرپختونخوا کی کابینہ نے 9 مئی 2023 کو توڑ پھوڑ اور فائرنگ کا مقدمہ واپس لینے کی منظوری دے دی۔میڈیا رپورٹ کے مطابق مردان میں 9 مئی کو ہونے والے توڑ پھوڑ کا مقدمہ واپس لیا جائے گا، 9 مئی سے متعلق خیبرپختونخوا کی نگران حکومت کے دور مقدمات درج کیے گئے تھے، نو مئی کے مجموعی طور پر 29 مقدمات عدالت سے ختم ہوگئے ہیں، 9 مئی کا مذکورہ کیس بھی نگران دور میں درج کیا گیا تھا۔

حکومتی ذرائع نے بتایا کہ کیس میں کوئی پیش رفت نہیں ہوئی، حکومتی مشینری کا وقت ضائع ہو رہا ہے۔یاد رہے کہ 9 مئی 2023 کو القادر ٹرسٹ کیس میں عمران خان کی اسلام آباد ہائی کورٹ کے احاطے سے گرفتاری کے بعد پاکستان تحریک انصاف کی طرف سے ملک گیر احتجاج کیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

اس دوران لاہور کے علاقے ماڈل ٹاؤن میں 9 مئی کو مسلم لیگ (ن) کے دفتر کو جلانے کے علاوہ فوجی، سول اور نجی تنصیبات کو نذر آتش کیا گیا تھا، سرکاری و نجی املاک کو شدید نقصان پہنچایا گیا تھا جبکہ اس دوران کم از کم 8 افراد جاں بحق اور 290 زخمی ہوئے تھے۔

مظاہرین نے لاہور میں کور کمانڈر کی رہائش گاہ پر بھی دھاوا بول دیا تھا جسے جناح ہاؤس بھی کہا جاتا ہے اور راولپنڈی میں واقع جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) کا ایک گیٹ بھی توڑ دیا تھا۔اس کے بعد ملک بھر میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ لڑائی، توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ میں ملوث 1900 افراد کو گرفتار کر لیا گیا تھا، عمران خان اور ان کی پارٹی رہنمائوں اور کارکنان کے خلاف مقدمات بھی درج کیے گئے تھے۔اسی طرح مردان میں بھی 9 مئی کو فائرنگ اور توڑ پھوڑ کے مقدمات درج کیے گئے تھے، جن میں پی ٹی ا?ئی کے رہنماؤں اور کارکنوں سمیت نا معلوم ملزمان کو نامزد کیا گیا تھا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات