کھیلوں کے میدان آباد ،نوجوان نسل کو کھیل کی طرف راغب کرنا اولین ترجیح ہے‘سردار سلیم حیدر خان

روایتی کھیل نیزہ بازی پنجاب کی ثقافت کا حصہ ،نیزہ بازی کے مقابلے عالمی سطح پر ہونے چاہئیں‘گورنر پنجاب

ہفتہ 4 اکتوبر 2025 20:15

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 اکتوبر2025ء) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ کھیلوں کے میدان آباد کرنا اور نوجوان نسل کو کھیل کی طرف راغب کرنا اولین ترجیح ہے،روایتی کھیل نیزہ بازی پنجاب کی ثقافت کا حصہ ہے،نیزہ بازی کے مقابلے عالمی سطح پر ہونے چاہئیں، مختلف کھیلوں سے وابستہ نوجوانوںنے متعدد بار ملک و قوم کا نام بین الاقوامی پر روشن کیا ہے۔

ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے گورنر خیبر پختون خواہ فیصل کریم کنڈی کے ہمراہ فتح جنگ اٹک میں مشہور روایتی جشن نیزہ بازی میلہ میں بطور مہمان خصوصی شرکت کے موقع پر شائقین سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان اور گورنر کے پی کے فیصل کریم کنڈی کی آمد پر شائقین نے معزز مہمان گرامی کا شاندار استقبال کیا اور ڈھول کی تھاپ پر خوشی کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ علاقائی روایتی کھیل پاکستان کی ثقافت کو زندہ رکھے ہوئے ہیں۔اُنہوںنے کہا کہ نیزہ بازی،گھڑسواری اور شکار اٹک کی ثقافت کا شاندار حصہ ہیں۔گورنر پنجاب نے کہا کہ کھیل چاہے کوئی بھی ہو دنیامیں امن کا پیغام دیتا ہے مگر مودی سرکارنے کھیل کو بھی سیاست کی نذر کردیا ہے۔اُنہوں نے کہا کہ بھارت پاکستان سے جنگ ہارنے کے بعد کھلاڑیوں میں نفرت پیدا کررہا ہے۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ ہمارے کھلاڑیوں نے ہمیشہ کھیل کو کھیل سمجھ کر کھیلا مگر بھارت نے ہمیشہ دل میں خنک رکھی۔اُنہوں نے کہا کہ شائقین کی اتنی بڑی تعداد یہاں میلے میں دیکھ کر بہت خوشی محسوس ہورہی ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ کھیلوں میں تماشائیوں کی دلچسپی اور جوش ولولہ کھلاڑیوں کے حوصلے بلند کردیتا ہے۔اُنہوں نے کہا کہ نسل در نسل چلنے والے یہ کھیل دنیا میں اپنا منفرد مقام رکھتے ہیں۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ نیزہ بازی کے مقابلے عالمی سطح پر ہونے چاہئیں۔اُنہوں نے کہا کہ ذرا سی حکومتی توجہ ہو تو نیزہ بازی کھیل دنیا میں پاکستان کا نام روشن کرسکتا ہے۔گورنر خیبر پختونخواہ فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ مجھے پنجاب کے روایتی کھیل نیزہ بازی میں شرکت کر کے بہت خوشی ہوئی۔اُنہوں نے کہا کہ نیزہ بازی جیسے کھیل علاقائی ثقافت اور رواداری کو زندہ رکھے ہوئے ہیں۔ تقریب کے اختتام پرگورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان اور گورنر خیبر پختون خواہ فیصل کریم کنڈی نے کھلاڑیو ں میں انعامات تقسیم کئے۔