جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے ساتھ عوامی فلاح اور سماجی ترقی پر مبنی تاریخی معاہدہ طے پایا ہے،ڈاکٹرطارق فضل چوہدری

ہفتہ 4 اکتوبر 2025 23:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 اکتوبر2025ء) وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی (جے اے اے سی)کے ساتھ عوامی فلاح اور سماجی ترقی پر مبنی تاریخی معاہدہ طے پایا ہے،معاہدے میں بنیادی طور پر تعلیم، بجلی اور دیگر عوامی مفاد سے متعلق منصوبے شامل ہیں جو عوامی بہبود کے لیے حکومت کے وژن کی عکاسی کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ بات چیت کے ذریعے پرامن حل امن و استحکام کی فتح ہےاور یہ کہ ٹکراؤ کے خاتمے کے لیے مذاکرات کا راستہ اختیار کرنا تمام فریقوں کے لیے ایک مثبت نتیجہ ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی نہ صرف امن کی فتح ہے بلکہ کشمیر اور پاکستان کی بھی کامیابی ہے۔وفاقی وزیر نے بتایا کہ جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی (جے اے اے سی) کے اراکین نے بھی مسائل کے پُرامن حل کے لیے وزیراعظم کی قیادت اور عزم پر ان کا شکریہ ادا کیا ہے۔