عرب اور اسلامی ممالک کے وزرائے خارجہ کا غزہ میں جامع اور پائیدار جنگ بندی کیلئے تازہ پیش رفت کا خیرمقدم

اتوار 5 اکتوبر 2025 14:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اکتوبر2025ء) عرب اور اسلامی ممالک کے وزرائے خارجہ نے غزہ میں جامع اور پائیدار جنگ بندی کیلئے تازہ پیش رفت کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ پیش رفت غزہ کے عوام کو درپیش سنگین انسانی صورتحال کے حل کے لیے ایک حقیقی موقع فراہم کرتی ہے۔اردن، متحدہ عرب امارات، انڈونیشیا، پاکستان، ترکیہ، سعودی عرب، قطر اور مصر کے وزرائے خارجہ نے اپنے مشترکہ بیان میں آج حماس کی جانب سے غزہ میں جنگ کے خاتمے، تمام یرغمالیوں کی رہائی اور نفاذ کے طریقہ کار پر مذاکرات کے فوری آغاز کی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی تجویز سے متعلق اٹھائے گئے اقدامات کا خیرمقدم کیا ہے۔

وزرائے خارجہ نےامریکی صدر ٹرمپ کی اس اپیل کا بھی خیرمقدم کیا کہ اسرائیل بمباری فوری طور پر بند کرے اور تبادلے کے معاہدے پر عمل درآمد کا آغاز کرے۔

(جاری ہے)

انہوں نے خطے میں قیامِ امن کے لیے صدر ٹرمپ کے عزم کی بھی تحسین کی اور اس پیشرفت کو ایک جامع اور پائیدار جنگ بندی کے حصول کے لیے حقیقی موقع قرار دیاجو غزہ کے عوام کو درپیش سنگین انسانی بحران کے حل میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔

اتوار کے روز پاکستان کے دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق وزرائے خارجہ نے حماس کے اس اعلان کا بھی خیرمقدم کیا کہ وہ غزہ کا انتظام ایک عبوری فلسطینی انتظامی کمیٹی جس میں غیر جانب دار ٹیکنوکریٹس شامل ہوں، کے سپرد کرنے کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ اس تجویز پر عمل درآمد کے طریقہ کار اور اس کے تمام پہلوؤں پر اتفاق رائے کے لیے مذاکرات فوراً شروع کیے جائیں۔

وزرائے خارجہ نے اپنے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا کہ وہ اس تجویز پر عمل درآمد، غزہ پر جاری جنگ کے فوری خاتمے اور ایک جامع معاہدے کے لیے کوششیں جاری رکھیں گے جو غزہ میں انسانی امداد کی بلا رکاوٹ فراہمی، فلسطینی عوام کے جبری انخلا کی روک تھام، شہریوں کے تحفظ، یرغمالیوں کی رہائی، فلسطینی اتھارٹی کی غزہ میں واپسی، غزہ اور مغربی کنارے کے اتحاد، تمام فریقوں کی سلامتی کے لیے ایک مؤثر سکیورٹی نظام، اسرائیلی افواج کے مکمل انخلا اور غزہ کی تعمیرِ نو کے ذریعے دو ریاستی حل پر مبنی منصفانہ امن کے قیام کی راہ ہموار کرے گا۔