حکومت ٹیکسٹائل انڈسٹری کو سستی بجلی و گیس فراہم کرے، خالد مسعود کمبوہ

ْمہنگی بجلی اور گیس سے ہماری صنعتیں عالمی سطح پر مسابقتی حیثیت کھو رہی ہیں، تقریب سے خطاب

اتوار 5 اکتوبر 2025 16:30

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 اکتوبر2025ء)رائل ٹیگ برانڈ کے پروڈکشن ڈائریکٹر محمد خالد مسعود کمبوہ نے کہا ہے کہ بجلی و گیس کے زیادہ نرخ صنعتی پیداوار، روزگار کے مواقع اور کاروباری استحکام کو نقصان پہنچا رہے ہیں جس کے باعث پاکستان کی صنعتیں عالمی سطح پر مسابقتی حیثیت کھو رہی ہیں لہٰذامیں حکومت سے مطالبہ کرتا ہوں کہ ٹیکسٹائل انڈسٹری سمیت دیگر صنعتوں کو سستی بجلی و گیس فراہم کی جائے تاکہ صنعتوں کو ریلیف اور ملکی معیشت کو استحکام مل سکے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔رائل ٹیگ برانڈ کے پروڈکشن ڈائریکٹر محمد خالد مسعود کمبو ہ نے کہا کہ صنعتی ترقی اور برآمدات بڑھانے کیلئے صنعتوں کو کم لاگت پر بجلی و گیس کی فراہمی یقینی بنائی جائے ، ٹیکسٹائل برآمدات بڑھانے کیلئے بجلی او ر گیس کی مسلسل فراہمی کیساتھ ساتھ بزنس مینوں کو مراعات دی جائیں تاکہ ٹیکسٹائل شعبہ حکومت کے ریونیو میں اضافہ کا باعث بنے، ملک میں ٹیکسٹائل کے علاوہ انڈسٹریز کے دیگر شعبوںکی ترقی کیلئے بھی صنعت دوست پالیسیاں بنائی جائیں تاکہ پاکستانی معیشت کو استحکام مل سکے ۔

(جاری ہے)

رائل ٹیگ برانڈ کے پروڈکشن ڈائریکٹر محمد خالد مسعود کمبوہ نے کہا ہے کہ رائل ٹیگ پاکستان کا نامور برانڈ ہے جو گارمنٹس کے شعبے میں جدید فیشن کے رجحانات کو مدنظر رکھتے ہوئے اعلیٰ معیار کے آرام دہ اور پرسکون لباس بنارہا ہے ،کوالٹی مصنوعات اور مستقل کسٹمر کیئر سے ہی مارکیٹ میں دیرپا کامیابی حاصل کی جاسکتی ہے رائل ٹیگ اس فارمولے کو مد نظر رکھتے ہوئے مستقل مزاجی سے اپنے صارفین کیلئے خدمات انجام دے رہا ہے ۔

رائل ٹیگ برانڈ کے پروڈکشن ڈائریکٹر محمد خالد مسعود کمبوہ نے حکومت اور ریگولیٹری اداروں پر زور دیا کہ وہ صنعتوں کے تحفظ کیلئے فوری اصلاحات نافذ کریں اور شفاف و منصفانہ ریگولیٹری اقدامات یقینی بنائے جائیں، صنعتوں کو سہولیات فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہونی چاہئے ، صنعتوں کے فروغ اور ملک میں موجود پیداواری استعداد کو بروئے کار لانے کیلئے حکومت عملی اقدامات کرے۔