روٹس انٹرنیشنل اسکولز اینڈ کالجز کے زیرِ انتظام انسانی حقوق واک اور گلوبل ویلج (رائی من) کا اہتمام

اتوار 5 اکتوبر 2025 17:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اکتوبر2025ء) روٹس انٹرنیشنل اسکولز اینڈ کالجز کے زیرِ انتظام انسانی حقوق واک اور گلوبل ویلج (رائی من) کا اہتمام کیا گیا۔یہاں جاری بیان کے مطابق روٹس انٹرنیشنل اسکولز اینڈ کالجز لیور پول کیمپس نیشنل پولیس فاؤنڈیشن اسلام آباد میں ہیومن رائٹس کے حوالے سے ایک واک کا انعقاد کیا گیا جس میں پاکستان مسلم لیگ کے ہیومن رائٹس ونگ اسلام آباد کے نائب صدر ملک عبد الباسط چنڑ نے بطورِ مہمانِ خصوصی شرکت کی۔

اس تقریب میں معززینِ علاقہ ، سکول کے تمام سٹاف اور طلبا وطالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔شرکاء نے بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر ہیومن رائٹس کے حوالے سے نعرے درج تھے۔ادارے کی پرنسپل عائشہ خرم نے مہمانانِ خصوصی کو پھولوں کا گلدستہ پیش کیا۔

(جاری ہے)

مہمان خصوصی ملک عبدالباسط چنڑ نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہماری پارٹی پاکستان مسلم لیگ خصوصاً بچوں کے استحصال کے خلاف گراں قدر خدمات سر انجام دے رہی ہے اور ہماری پارٹی کی کوشش ہے کہ چائلڈ ابیوز کو آئینِ پاکستان کا حصہ بنوائیں۔

انہوں نے غزہ پر ڈھائے جانے والے اسرائیلی مظالم اور حملوں کی بھی بھرپور مذمت کی۔پرنسپل عائشہ خرم نے گلوبل ویلج (رائی من) میں شرکت اور پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات میں شیلڈز اور انعامات تقسیم کیے۔