سیلانی کے وفد کی بغداد میں گیارہویں شریف کی محافل میں شرکت

ملکی سلامتی اور ترقی کی دعائیں، غیر ملکی علمائے کرام اور زائرین سے ملاقات

اتوار 5 اکتوبر 2025 19:20

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 اکتوبر2025ء) سیلاننی ویلفیئر انٹرنیشنل ٹرسٹ کے بانی و چیئرمین مولانا بشیر فاروق قادری نے سیلانی کے وفد کے ہمراہ بغداد شریف میں غوث اعظم حضرت شیخ عبدالقادر جیلانی کے مزار پر حاضری دی اور گیارہویں شریف کی محافل میں شرکت کی۔ کراچی سے جاری ایک اعلامیہ کے مطابق مولانا بشیر فاروق قادری نے اس موقع پر ملکی سلامتی اور استحکام کے لیے خصوصی دعائیں کی۔

علاوہ ازیں اس موقع پر مولانا بشیر فاروق قادری نے امریکا،کینیڈا، برطانیہ، جنوبی افریقہ ، افریقہ۔ بھارت، عرب ممالک سے آئے ہوئے علمائے کرام اور زائرین سے ملاقات کی اور انہیں بتایا کہ کس طرح سیلانی ویلفیئر نے دستر خوان سے شروع ہونے والے سفر کو انفارمیشن ٹیکنالوجی کے علاوہ تعلیم اور صحت کے منصوبوں کے فروغ کے مشن تک پہنچادیا ہے۔

(جاری ہے)

غیر ملکی وفود نے سیلانی ویلفیئر کی دکھی انسانیت کے لیے کی جانے والی خدمات کو سراہا اور اپنے تعاون کا یقین دلایا۔

مولانا بشیر فاروقی نے علمائے کرام اور زائرین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عراق کی سرزمین خصاصا" بغداد شریف کو یہ شرف حاصل ہے کہ یہاں انبیائے کرام۔ اہل بیت ، صحابہ کرام اور اولیائے کرام کے روضہ مبارک بڑی تعداد میں موجود ہیں۔ دنیا بھر سے لاکھوں زائرین کی یہاں آمد اس بات کی غماز ہے کہ یہاں سے فیض کا ایسا سلسلہ جاری جو دنیا کے ہر کونے میں پہنچ رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں غوث پاک کے لاکھوں مرید اور عقیدت مند ہر سال گیارہویں شریف کی محافل مناتے ہیں اور سیلانی ویلفیئر میں بھی اس حوالے سے سالانہ محفل منعقد ہوتی ہے۔ انہوں نے بغداد شریف کے اس اجتماع کو حج کے بعد بڑے اجتماعات میی سے ایک اجتماع قرار دیتے ہوئے زائرین اور منتظمین کی جانب سے نظم و ضبط قائم رکھنے پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔