Live Updates

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے تعلیم محمد عاصم خان کا اساتذہ کے عالمی دن کے موقع پر پیغام

اتوار 5 اکتوبر 2025 19:40

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 اکتوبر2025ء)اساتذہ کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میںوزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے تعلیم محمد عاصم خان نے کہا ہے کہ اساتذہ قوم کے معمار ہیں، اُن کے ہاتھوں میں نسلوں کی تربیت، سوچ اور مستقبل کی بنیاد رکھی جاتی ہے۔ آج کے دن ہم اپنے تمام اساتذہ کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے علم کے چراغ کو ہر مشکل وقت میں روشن رکھا۔

ان کا کہنا تھا کہ چیئرمین عمران خان کا ویژن ہمیشہ سے تعلیم کے ذریعے ایک خوددار، باشعور اور ترقی یافتہ پاکستان کی تعمیر رہا ہے۔ اسی وژن کو آگے بڑھاتے ہوئے وزیر اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں اصلاحات، شفافیت، اور جدید نظام متعارف کرانے کے لیے پرعزم ہیں۔محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم خیبرپختونخوا اسی وژن کے تحت اہم اقدامات اٹھا رہا ہے۔

(جاری ہے)

معاون خصوصی نے کہا کہ صوبے بھر میں 16 ہزار سے زائد اساتذہ کی بھرتی کا عمل شفاف طریقے سے جاری ہے تاکہ ہر اسکول میں مضمون وار تدریس کو یقینی بنایا جا سکے۔

اساتذہ کی پیشہ ورانہ تربیت کے لیے خصوصی پروگرامز اور ورکشاپس شروع کیے جا رہے ہیں تاکہ جدید تعلیمی تقاضوں سے ہم آہنگ نصاب اور تدریسی مہارتوں کو فروغ دیا جا سکے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ اساتذہ کے تبادلوں اور ترقیوں کے نظام میں شفافیت لانے کے لیے اصلاحاتی ڈھانچے پر بھی تیزی سے کام جاری ہے۔ ہم سب مل کر اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ تعلیم کے میدان میں خیبرپختونخوا کو پاکستان کا مثالی صوبہ بنائیں گے۔ اساتذہ ہی ہماری اصل طاقت ہیں، اور انہی کے ذریعے ہم اپنے بچوں کے روشن مستقبل کی ضمانت دے سکتے ہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات