شہزاد غیاث کی نئی کتاب ''پاکستان لاسٹ'' کی کراچی میں تقریب رونمائی

اتوار 5 اکتوبر 2025 19:55

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 اکتوبر2025ء)پاکستان کے معروف پوڈکاسٹر، مصنف اور طنز و مزاح کے ماہر شہزاد غیاث نے اپنی نئی کتاب‘‘Pakistan Lost: Ideas on the Idea of Pakistan’’کی باقاعدہ رونمائی ایک شاندار تقریب میں کی، جو کراچی کے جدید ثقافتی مرکز Habitt سٹی میں منعقد ہوئی۔یہ تقریب نہ صرف ادبی بلکہ فکری لحاظ سے بھی ایک نمایاں موقع تھی، جس میں ملک کی معروف سیاسی، سماجی اور ثقافتی شخصیات نے شرکت کی۔

اس کے علاوہ مختلف ٹی وی چینلز، ڈیجیٹل میڈیا پلیٹ فارمز، انفلوئنسرز، اور کتاب دوست قارئین نے اپنی بھرپور موجودگی سے اس شام کو یادگار بنا دیا۔رونمائی کی تقریب کا مرکزی حصہ ایک بصیرت افروز پینل گفتگو تھی، جس میں شہزاد غیاث کے ہمراہ سامعہ عارف اور فاروق ندیم پراچہ شریک تھے، جبکہ گفتگو کو ماڈریٹ کرنے کے فرائض ایلے حسین نے انجام دیے۔

(جاری ہے)

گفتگو کے دوران کتاب کے موضوعات قومیت، شناخت، اور پاکستان کے بانی نظریات کا ارتقا پر گہرائی سے روشنی ڈالی گئی۔ شرکاء نے اس علمی بحث کو نہایت توجہ اور دلچسپی سے سنا، اور اس کا اثر دیرپا محسوس کیا گیا۔تقریب میں شہزاد غیاث کی تحریر میں چھپی ذہانت، ان کے طنزومزاح اور سماجی تنقید کے امتزاج کو بھرپور سراہا گیا۔ ان کی گفتگو نے سامعین کو محظوظ بھی کیا اور سوچنے پر بھی مجبور کیا ایک ایسا توازن جو کم ہی دیکھنے کو ملتا ہے۔