ملائیشین وزیراعظم کی شہبازشریف سے اردو میں شعر پڑھنے کی فرمائش

مشترکہ پریس کانفرنس میں انور ابراہیم نے خود بھی شعر کا جواب اردو میں مصرع پڑھ کر دیا

Sajid Ali ساجد علی پیر 6 اکتوبر 2025 13:30

ملائیشین وزیراعظم کی شہبازشریف سے اردو میں شعر پڑھنے کی فرمائش
کوالالمپور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 06 اکتوبر2025ء ) ملائیشیا کے وزیراعظم محمد انور ابراہیم نے پاکستانی ہم منصب شہبازشریف سے اردو میں شعر پڑھنے کی فرمائش کی۔ تفصیلات کے مطابق کوالالمپور میں مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران اس وقت دلچسپ صورتحال پیدا ہوئی جب وزیراعظم شہباز شریف نے علامہ اقبال کے مشہور و معروف شعر ’خودی کو کر بلند اتنا کہ ہر تقدیر سے پہلے، خدا بندے سے خود پوچھے بتا تیری رضا کیا ہے‘ اس کا انگریزی زبان میں مفہوم بیان کرنا چاہا تاہم ملائیشین وزیراعظم نے شہباز شریف کو روکتے ہوئے کہا کہ ’پہلے یہ شعر اردو میں پڑھیں‘ جس پر انہوں نے کہا کہ ’جی بالکل کیوں کہ میں جانتا ہوں آپ اردو بہت اچھی سمجھ لیتے ہیں‘ اس کے بعد انہوں نے شعر پڑھا تو انور ابراہیم نے بھی اس کا جواب اردو میں شعر کا مصرع پڑھ کر دیا، جس پر شہباز شریف نے انہیں داد دی اور ہال بھی تالیوں سے گونج اٹھا۔

(جاری ہے)

بتایا جارہا ہے کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف اس وقت ملائیشیاء کے سرکاری دورے پر ہیں جہان انہوں نے ملائیشیاء کے وزیر اعظم انور ابراہیم سے آج پتراجایا میں پردانا پوترا میں ملاقات کی، پردانا پترا آمد پر وزیر اعظم کا استقبال ایک سرکاری استقبالیہ تقریب میں کیا گیا، دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات ہوئی جس کے بعد دونوں رہنماؤں نے وفود کی سطح پر ملاقات میں اپنے اپنے وفد کی قیادت کی جہاں وزیراعظم نے دورہ کے دوران ان کے اور ان کے وفد کے ارکان کے پرتپاک استقبال اور مہمان نوازی پر ملائیشیاء کے وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔

بتایا گیا ہے کہ اس انتہائی تعمیری اور مفید ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے اکتوبر 2024ء میں ملائیشیاء کے وزیر اعظم کے دورہ پاکستان کے بعد دونوں طرف سے دو طرفہ تعاون میں مسلسل پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا، انہوں نے دو طرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا، خاص طور پر اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر توجہ مرکوز کی، دونوں رہنماؤں نے پاکستان ملائیشیاء دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی تجدید کی اور اس حوالے سے اپنے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا۔