ایبٹ آباد،ہزارہ ڈویژن میں موسلا دھار بارش اور برفباری،درجہ حرارت میں کمی،نظام زندگی متاثر

پیر 6 اکتوبر 2025 14:47

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اکتوبر2025ء) ایبٹ آباد۔ 06 اکتوبر (اے پی پی)ہزارہ ڈویژن میں موسلادھار بارش،بابوسر ٹاپ پر برفباری سے نظام زندگی متاثر اور درجہ حرارت میں نمایاں کمی ہو گئی،ہزارہ ڈویژن کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے جاری موسلادھار بارش نے نظام زندگی متاثر کر دیا جبکہ بابوسر ٹاپ پر ہونے والی برفباری نے سردی کی شدت میں اضافہ کر دیا اور مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا،ایبٹ آباد، مانسہرہ،ہری پور،بٹگرام اور گردونواح میں رات گئے سے شروع ہونے والی بارش دن بھر جاری رہی جس کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا اور کئی مقامات پر ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی،بارش کے باعث مختلف علاقوں میں بجلی کے فیڈرز ٹرپ کرنے سے طویل لوڈشیڈنگ کا سامنا بھی کرنا پڑا،دوسری جانب بابوسر ٹاپ اور ملحقہ بالائی پہاڑی علاقوں میں موسم کی پہلی خاطر خواہ برفباری ہوئی جس سے پہاڑوں نے سفید چادر اوڑھ لی، برفباری کے باعث درجہ حرارت میں نمایاں کمی واقع ہوئی اور مقامی افراد کے ساتھ سیاحوں نے بھی گرم ملبوسات پہن لی ہیں،مانسہرہ،ناران،جالکھڈ روڈ پر برفباری کے باعث پھسلن پیدا ہوگئی جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی اور بابوسر ٹاپ کی طرف جانے والی گاڑیوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا،ضلعی انتظامیہ اور ٹریفک پولیس نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور برفانی علاقوں میں احتیاطی تدابیر اپنانے کی ہدایت کی ہے،محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ہزارہ ڈویژن کے مختلف علاقوں میں مزید بارش اور برفباری کا امکان ہے جبکہ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے خدشے کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے،موسم کی یہ غیر معمولی بارش اور برفباری جہاں سردی کے موسم کی قبل از وقت آمد کی علامت ہے وہیں اس نے مقامی آبادی کے لیے مشکلات بھی بڑھا دی ہیں۔