گزشتہ 24 گھنٹوں میں پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بارشیں ریکارڈ کی گئیں،ترجمان پی ڈی ایم اے

پیر 6 اکتوبر 2025 16:35

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اکتوبر2025ء) گزشتہ 24 گھنٹوں میں پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بارشیں ریکارڈ کی گئیں۔ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطا بق ملتان میں 113 ملی میٹر، فیصل آباد 78، بہاولپور 44، لاہور 40، خانیوال 28، ٹوبہ ٹیک سنگھ 25، سیالکوٹ 19، جہلم 18 اور اٹک میں 10 ملی میٹر تک بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ گجرانوالہ، مری اور ساہیوال میں 8 ملی میٹر، اوکاڑہ 7، نارووال 6، منگلا 5، گجرات اور حافظ آباد 3 لیہ اور قصور میں 1 ملی میٹر تک بارش ریکارڈ کی گئی۔

ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں میں پنجاب کے بیشتر اضلاع میں مزیدبارشوں کی پیشگوئی ہے۔اس کے علاوہ راولپنڈی مری گلیات اٹک چکوال جہلم، گوجرانولہ، لاہور، گجرات اور سیالکوٹ میں بھی بارشیں متوقع ہیں۔

(جاری ہے)

نارووال، حافظ آباد، منڈی بہاوالدین، اوکاڑہ، ساہیوال، قصور، جھنگ، سرگودھا، اور میانوالی میں بھی بارشوں کا امکان ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے کے مطابق بارشوں کے باعث دریاوں کے بہاو میں اضافہ ہوگا ۔دریائے سندھ اور جہلم میں بارشوں کے باعث پانی کے بہاو میں اضافے کا امکان ہے اور7 اکتوبر تک دریائے چناب میں پانی کی سطح میں اضافے کا امکان ہے۔ دریائے ستلج اور راوی میں پانی کے بہاو کا انحصار بھارتی آبی ذخائر سے اخراج پر ہے۔ ڈی جی عرفان علی کا ٹھیا کے مطابق بارشوں کی وجہ سے بڑے دریاوں سے ملحقہ ندی نالوں کے بہاو میں اضافے کا خدشہ ہے ۔

اس لیے کمشنر ز ڈپٹی کمشنرز اور دیگر افسران الرٹ ہیں۔ انہوں نے شہریوں سے التماس کی ہے کہ خراب موسم کی صورتحال میں احتیاطی تدابیر اختیار کر یں۔ ترجمان کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں آندھی و بارش سے مختلف حادثات میں 2 شہری جاںبحق ہوئے ہیں اور14 شہری زخمی اور 10 عمارتوں کو جزوی نقصان پہنچا۔اس لیے شہری آندھی و طوفان کی صورتحال میں محفوظ مقامات پر رہیں ۔اورایمرجنسی صورتحال میں پی ڈی ایم اے ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کریں۔