ہائر ایجوکیشن کمیشن پاکستان کا امریکا میں پی ایچ ڈی کے لئے مکمل فنڈڈ سکالرشپس کا اعلان

پیر 6 اکتوبر 2025 16:33

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اکتوبر2025ء) ہائر ایجوکیشن کمیشن پاکستان نے یو ایس۔پاکستان نالج کوریڈور کے تحت پی ایچ ڈی کے لئے مکمل فنڈڈ سکالرشپس کا اعلان کیا ہے۔ یہ سکالرشپس امریکا کی دنیا کی ٹاپ 300 یونیورسٹیوں میں تعلیم حاصل کرنے کے خواہشمند پاکستانی طلبہ کے لئے دستیاب ہیں۔بہار اور موسم گرما 2026 کے داخلوں کے لئے درخواست دینے کی آخری تاریخ 15 نومبر جبکہ خزاں 2026 کے لئے درخواستیں 30 اپریل 2026 تک جمع کروائی جا سکتی ہیں۔

(جاری ہے)

اس منصوبے کے تحت طلبہ کو ٹیوشن فیس، ماہانہ وظیفہ اور ہیلتھ انشورنس فراہم کی جائے گی۔ ٹاپ 50 یونیورسٹیوں میں داخلے کی صورت میں مکمل فنڈنگ دی جائے گی جبکہ51 سے 300 تک رینک کی یونیورسٹیوں میں سالانہ 12 ہزار ڈالر تک ٹیوشن فیس کے ساتھ دیگر سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی۔ سکالرشپ کے لئے آن لائن درخواست دی جا سکتی ہے۔ یہ پروگرام پاکستان کے طلبہ کو عالمی معیار کی تعلیم حاصل کرنے اور مستقبل میں ملک کی خدمت کے قابل بنانے کے لئے ایک اہم قدم ہے۔