پاکستانی ٹرائی ایتھلیٹ شاہریز خان کی عالمی چیمپئن شپ میں شمولیت، عالمی سطح پر نئی تاریخ رقم کرنے کا عزم

پیر 6 اکتوبر 2025 17:47

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اکتوبر2025ء) لاہور سے تعلق رکھنے والے ٹرائی ایتھلیٹ شاہریز خان نے دنیا کی معروف ترین ایونٹ آئرن مین 70.3 ورلڈ چیمپئن شپ کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے جو 9 نومبر 2025ء کو ماربیلا، سپین میں منعقد ہوگی۔ وہ یہ کارنامہ انجام دینے والے دوسرے پاکستانی بن گئے ہیں، ان سے پہلے خرم خان نے یہ اعزاز حاصل کیا تھا۔

شاہریز نے فلپائن کے شہر پیورٹو پرنسيسا میں ہونے والی آئرن مین 70.3 ریس میں اپنی عمر کے زمرے میں ساتویں پوزیشن حاصل کی جس کے بعد انہیں دنیا کے اعلیٰ ترین برداشت کے ایتھلیٹس میں شامل ہونے کا اعزاز حاصل ہوا۔ یہ سخت مقابلہ 1.9 کلومیٹر تیراکی، 90 کلومیٹر سائیکلنگ اور 21.1 کلومیٹر ہاف میراتھن پر مشتمل تھا جو کہ شدید گرمی اور حبس میں مکمل کیا گیا۔

(جاری ہے)

شاہریز خان کا کہنا تھا کہ جب میں نے فنش لائن عبور کر کے جانا کہ میں کوالیفائی کر چکا ہوں تو وہ لمحہ پاکستان کے لیے فخر سے بھرپور تھا۔ وہ اس وقت دنیا بھر کے آئرن مین ایتھلیٹس میں اے ڈبلیو اے (آل ورلڈ ایتھلیٹ) کیٹیگری میں ٹاپ 5 فیصد میں شامل ہیں۔شاہریز ایچیسن کالج کے سابق طالبعلم ہیں جہاں سے انہوں نے ایتھلیٹکس، فٹ بال اور تیراکی میں حصہ لیا۔

ان کا جذبہ اس وقت مزید بڑھا جب انہوں نے یونیورسٹی آف ویسٹرن اونٹاریو میں تعلیم حاصل کی اور پھر آکسفورڈ یونیورسٹی سے ایم بی اے کیا۔آکسفورڈ میں شاہریز نے سیڈ بزنس سکول کی کراس کنٹری ٹیم کا حصہ بن کر روزانہ کرائسٹ چرچ میڈوز کے سرسبز راستوں پر تربیت کی۔ وہ اس وقت سمبا گلوبل کے لیے مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقہ (MENA) ریجن کی قیادت کر رہے ہیں جو کہ ایک بین الاقوامی ٹیکسٹائل کمپنی ہے۔

ان کا آئرن مین کا سفر 2022ء میں اسلام آباد میں ایک مشکل ہاف میراتھن مکمل کرنے کے بعد شروع ہوا۔ اگرچہ وہ دوڑ اور تیراکی میں مضبوط تھے لیکن سائیکلنگ ان کے لیے نیا میدان تھا۔ انہوں نے جلد ہی خود کو ڈھال لیا اور لاہور میں اپنے گھر میں ’’پین کیو‘‘ یعنی سخت تربیتی ماحول قائم کیا تاکہ سموگ کے دنوں میں اندرون خانہ ٹریننگ کر سکیں۔باہر کی سرگرمیوں میں باغ جناح میں دوڑیں اور ڈی ایچ اے فیز 7 میں مقامی ایتھلیٹس کے ساتھ سائیکلنگ شامل تھیں۔

ریس سیزن کے دوران ان کی ٹریننگ کا دورانیہ ہفتے میں 18 گھنٹے تک پہنچ گیا۔ انہوں نے ’’برک ورک آئوٹس‘‘ بھی کیے جس میں مسلسل سائیکلنگ اور دوڑ شامل ہوتی ہے تاکہ اصل ریس کے تھکن بھرے لمحات کی مشق کی جا سکے۔شاہریز کا مشن ان کے ساتھی آر ڈی رضوان آفتاب احمد (سی ای او ACTIVIT اور ڈائریکٹر، نیشنل اسپتال ڈی ایچ اے لاہور) کے ساتھ جڑا ہوا ہے جو ان کی بین الاقوامی کامیابیوں میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

وہ دونوں ایچیسن کالج میں کراس کنٹری کیمپس کا انعقاد کر چکے ہیں اور نوجوان پاکستانی ایتھلیٹس کو برداشت کے کھیلوں میں رہنمائی فراہم کر رہے ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ ہم ایک ایسی نسل کو متحرک کرنا چاہتے ہیں جو سست طرز زندگی کا شکار ہے، کھیل نہ صرف جسمانی بلکہ ذہنی مضبوطی، نظم و ضبط اور بصیرت بھی فراہم کرتے ہیں، اگرچہ پاکستان میں ٹرائی ایتھلون کا بنیادی ڈھانچہ موجود نہیں، شاہریز کا خواب ہے کہ ایک دن ملک میں بین الاقوامی سطح کی برداشت کی ریسز منعقد ہوں۔