پاکستانی سفارت خانے ابوظہبی میں تزئین و آرائش شدہ نادرا ہال کا افتتاح

aijaz ahmad gondal اعجاز احمد گوندل پیر 6 اکتوبر 2025 17:40

پاکستانی سفارت خانے ابوظہبی میں تزئین و آرائش شدہ نادرا ہال کا افتتاح
ابوظہبی: متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی نے لاری ایکسچینج کے چیئرمین عباس درویش لاری کے ہمراہ پاکستانی سفارت خانے ابوظہبی میں تزئین و آرائش شدہ نادرا ہال کا افتتاح کیا۔ تقریب کے موقع پر اپنے خیرمقدمی خطاب میں سفیر فیصل نیاز ترمذی نے لاری ایکسچینج کی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے نادرا ہال کی تزئین و آرائش میں بھرپور تعاون کیا۔

انہوں نے کہا کہ قونصلر ہال اور اب نادرا ہال کی جدید تعمیر کے بعد سفارت خانے کی نشستوں کی گنجائش 200 سے بڑھ کر 500 ہوگئی ہے، جس سے پاکستانی کمیونٹی کے لیے سہولیات میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ سفیر ترمذی نے کہا کہ ان کی ہمیشہ یہ ترجیح رہی ہے کہ پاکستانی کمیونٹی کی فلاح و بہبود کے لیے اقدامات کیے جائیں اور قونصلر خدمات کو مزید مؤثر اور آسان بنایا جائے تاکہ وطن سے دور مقیم پاکستانیوں کو بہترین سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

(جاری ہے)

لاری ایکسچینج کے سی ای او فواد عباس درویش لاری کی نمائندگی کرتے ہوئے ادارے کے ہیڈ آف کسٹمر سروسز سید ذوالفقار حیدر بلگرامی نے سفیر پاکستان کا شکریہ ادا کیا کہ انہیں کمیونٹی ویلفیئر کے منصوبے میں تعاون کا موقع فراہم کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ لاری ایکسچینج متحدہ عرب امارات میں مقیم ہزاروں پاکستانیوں کی خدمت جاری رکھے گا اور قانونی و شفاف ذرائع سے ترسیلاتِ زر کو فروغ دیتا رہے گا۔

سفیر فیصل ترمذی نے مسز کرن کاظمی، ہیڈ آف چانسری، ان کی ٹیم اور لاری ایکسچینج کی جانب سے منصوبے کی بروقت تکمیل پر ان کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے مسٹر منظور کے۔ حسرت کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے نادرا ہال میں رضاکارانہ طور پر فن پارے تخلیق کیے۔ افتتاحی تقریب میں سفارت خانے کے افسران اور متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے متعدد افراد نے شرکت کی۔