انتظامیہ عوامی بہبود اور شہر کی خوبصورتی کے لئے متحرک ہے، ڈپٹی کمشنر فیصل آباد

پیر 6 اکتوبر 2025 18:50

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اکتوبر2025ء) ڈپٹی کمشنر فیصل آباد کیپٹن (ر) ندیم ناصر نے کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ فیصل آباد عوامی بہبود اور شہر کی خوبصورتی کے لئے متحرک ہے۔ اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنرز، سیکرٹری آر ٹی اے، سی ای او ہیلتھ و ایجوکیشن، سول ڈیفنس، میونسپل کارپوریشن اور ضلع کونسل کے افسران شریک ہوئے۔

اجلاس میں شہری سہولیات کی بہتری، ستھرا پنجاب مہم، تجاوزات کے خاتمے، ہسپتالوں، تعلیمی اداروں اور عام مقامات کی خوبصورتی کے حوالے سے مختلف امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر نے ہدایت کی کہ شہر اور تمام تحصیلوں کو صاف، خوبصورت اور منظم بنانے کے اقدامات مزید تیز کئے جائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے اسسٹنٹ کمشنرز کو تحصیل ہیڈکوارٹرز ہسپتالوں کے باقاعدہ دورے کرنے، میڈیکل ایمرجنسی سروسز کو چوکس رکھنے اور مریضوں کی مکمل اطمینان دہ سہولیات یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایجوکیشن اتھارٹی اور ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز دو دن کے اندر تمام سکولوں اور کالجوں کے باہر زیبرا کراسنگ مکمل کریں تاکہ طلبہ کی آمد و رفت محفوظ بنائی جا سکے۔ڈپٹی کمشنر نے تمام تحصیلوں میں بازاروں، مارکیٹوں اور شاہرات کو تجاوزات سے پاک رکھنے اور جنرل بس اسٹینڈز میں پینٹ ورک مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ سول ڈیفنس حکام کو ایل پی جی گیس ری فلنگ کے غیر قانونی کاموں میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا حکم دیا گیا۔

انہوں نے واضح کیا کہ کسی کو انسانی جانوں سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ریڑھی بازاروں کو بہتر ترتیب اور صفائی کے ساتھ منظم کیا جائے اور ستھرا پنجاب مہم پر زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے۔اجلاس میں الیکٹرو بس سروس کے لئے مزید روٹس کی نشاندہی پر بھی بات چیت ہوئی جس میں ہدایت کی گئی کہ زیادہ رش والے عوامی مقامات کو ترجیح دی جائے تاکہ شہریوں کو بہتر سفری سہولت فراہم کی جا سکے۔ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے گندم کی کاشت کا 100 فیصد ہدف مکمل کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔