دین اسلام کے حقیقی پیغام کو عام کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے، پیر ارشدکاظمی

پیر 6 اکتوبر 2025 18:50

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 اکتوبر2025ء) تحریک اہلسنّت پاکستان سندھ کے صدر پیر سید ارشد علی شاہ کاظمی القادری نے کہا ہے کہ پاکستان میں نظامِ مصطفی ﷺ کے نفاذ کے بغیر امن و عدل کا خواب کبھی شرمندہء تعبیر نہیں ہو سکتا۔ آج ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم دینِ اسلام کے حقیقی پیغام کو عام کریں، عوام کو فرقہ واریت، انتہا پسندی اور لسانی تعصبات سے نکال کر سیرتِ طیبہ ﷺ کی روشنی میں متحد کریں۔

انہوں نے کہا کہ تحریک اہلسنّت پاکستان ایک نظریاتی تحریک ہے جو محبتِ رسول ﷺ، احترامِ اولیاء، اور اتحادِ امت کے منشور پر قائم ہے۔ ہماری جدوجہد کا مقصد مسلکِ اہلِ سنت وجماعت کے پرامن، روادار اور اعتدال پسند تشخص کو اجاگر کرنا ہے۔پیر ارشد علی شاہ کاظمی القادری نے کہا کہ ہم حکمرانوں، ریاستی اداروں اور پالیسی سازوں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اہلِ سنت کے تحفظات کا سنجیدگی سے نوٹس لیں۔

(جاری ہے)

مزاراتِ اولیاء، دینی مدارس، اور علماء کرام کی کردار کشی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ حکومت مذہبی طبقات کو دیوار سے لگانے کے بجائے ان سے مشاورت اور احترام کا رویہ اپنائے۔انہوں نے کارکنانِ تحریک کو ہدایت دی کہ وہ عوامی رابطے تیز کریں، نوجوان نسل کو دینی و اخلاقی شعور دیں اور سوشل میڈیا پر مسلکِ اہلِ سنت کے مؤقف کو حکمت اور دلیل سے فروغ دیں۔آخر میں انہوں نے کہا کہ تحریک اہلسنّت پاکستان نفرت نہیں، محبت کا پیغام لے کر نکلی ہے۔ ہمارا راستہ مزاحمت نہیں، دعوت و خدمت کا ہے۔ مگر اگر ہمارے عقائد، مزارات، اور شعائرِ اہلِ سنت کو نشانہ بنایا گیا تو خاموش نہیں بیٹھیں گے۔ آئینی و جمہوری دائرے میں بھرپور احتجاج ہمارا حق بھی ہے اور فرض بھی۔