Live Updates

خیبرپختونخوا میں موبائل سگنلز اور انٹرنیٹ کے مسائل پر عوامی غم و غصہ

ڈاکٹر شفقت ایاز کا نوٹس، وزیراعلیٰ علی امین خان گنڈاپور اور چیف سیکرٹری شہاب علی شاہ کو رپورٹ پیش کرنے کا اعلان جلد موبائل کمپنیوں کے جنرل منیجرز کے ساتھ اجلاس ،،معیاری موبائل سروسز کے قیام کے لیے عملی اقدامات شروع

پیر 6 اکتوبر 2025 19:05

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 اکتوبر2025ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاونِ خصوصی برائے سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈاکٹر شفقت ایاز نے کہا ہے کہ صوبے کے مختلف اضلاع میں موبائل سگنلز اور انٹرنیٹ سروسز کی کمزوری یا بندش کی وجہ سے عوام میں شدید غم و غصہ پایا جا رہا ہے،یہ مسئلہ نہ صرف شہریوں کی روزمرہ زندگی بلکہ طلبہ، فری لانسرز، کاروباری افراد اور سرکاری نظامِ رابطہ کاری کو بھی متاثر کر رہا ہے۔

ڈاکٹر شفقت ایاز نے کہا کہ چونکہ وہ صوبے کے آئی ٹی کے معاونِ خصوصی ہیں، اس لیے جہاں بھی عوامی دورے پر جاتے ہیں، لوگ سب سے پہلے یہی شکایت کرتے ہیں کہ:‘‘سر، یہاں موبائل سروس تو نہ ہونے کے برابر ہی!’’انہوں نے کہا کہ یہ شکایت درست ہے، اور وہ خود اس مسئلے کو وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین خان گنڈاپور اور چیف سیکرٹری شہاب علی شاہ کے نوٹس میں لانے والے ہیں تاکہ صوبائی سطح پر ایک مؤثر اور پائیدار پالیسی وضع کی جا سکے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر شفقت ایاز نے کہا کہ جلد ہی مختلف موبائل سروس کمپنیوں کے جنرل منیجرز (GMs) کے ساتھ ایک اہم اجلاس منعقد کیا جائے گا تاکہ سگنل کی کمزوری، انٹرنیٹ کی سست رفتاری اور نیٹ ورک کوریج سے متعلق عوامی شکایات پر براہِ راست بات کی جا سکے۔انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کا مقصد عوام کو بہترین معیار کی ڈیجیٹل سہولیات فراہم کرنا ہے تاکہ خیبرپختونخوا جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ ہو سکے۔

ڈاکٹر شفقت ایاز نے کہا کہ‘‘موبائل کمپنیاں انٹرنیٹ تو بہت سستا دیتی ہیں، مگر معیار (Standard) کا کوئی وجود نہیں۔’’ان کے مطابق اگر موبائل انٹرنیٹ کو کچھ مہنگا بھی کیا جائے لیکن عوام کو معیاری، تیز رفتار اور مستحکم سروس فراہم کی جائے، تو یہ زیادہ بہتر اور پائیدار حل ہوگا۔انہوں نے کہا کہ دنیا 5G اور 10G ٹیکنالوجی پر جا رہی ہے، جبکہ پاکستان میں آج بھی بیشتر علاقوں میں درست انٹرنیٹ سروس میسر نہیں۔

یہ صورتِ حال تشویشناک ہے کیونکہ پاکستان کی تقریباً 70 فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے، اور اگر ان نوجوانوں کو درست آئی ٹی تربیت، تیز انٹرنیٹ اور ڈیجیٹل مواقع فراہم کیے جائیں تو یہ پاکستان کی سب سے بڑی کامیابی ثابت ہو سکتی ہے۔ڈاکٹر شفقت ایاز نے کہا کہ وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کے وژن کے مطابق خیبرپختونخوا کو ڈیجیٹل صوبہ بنانے کے لیے عملی اقدامات جاری ہیں، اور عوام کو معیاری نیٹ ورک کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

آخر میں ڈاکٹر شفقت ایاز نے کہا کہ یہ تمام اقدامات بانی چیئرمین پاکستان تحریکِ انصاف عمران خان کے اس وژن کا تسلسل ہیں جس کے مطابق ڈیجیٹل پاکستان، تعلیم، ٹیکنالوجی اور نوجوانوں کی بااختیاری ہی ملک کی ترقی کی اصل بنیاد ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کے وژن کے مطابق خیبرپختونخوا حکومت صوبے کے ہر شہری کو جدید ڈیجیٹل سہولتوں تک رسائی دینے کے لیے پرعزم ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات