فضل حکیم یوسفزئی سے مختلف وفود ،پی ٹی آئی کارکنان کی ملاقات،عوامی مسائل، ترقیاتی امور ،بنیادی سہولیات پر تبادلہ خیال

پیر 6 اکتوبر 2025 19:05

سوات (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 اکتوبر2025ء) خیبرپختونخوا کے صوبائی وزیر برائے لائیو سٹاک، فشریز و کوآپریٹیو فضل حکیم خان یوسفزئی نے سیدو شریف میں مختلف وفود اور پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران وفود نے اپنے علاقوں کے عوامی مسائل، ترقیاتی امور اور بنیادی سہولیات سے متعلق تفصیلات صوبائی وزیر کو اگاہ کیا۔

فضل حکیم خان نے کارکنان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کے کارکنان پارٹی کا حقیقی سرمایہ ہیں، جنہوں نے ہر مشکل وقت میں پارٹی کا ساتھ دیا اور عوامی خدمت کے مشن کو آگے بڑھایا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت عوامی خدمت کے جذبے کے تحت عملی اقدامات کر رہی ہے اور عوامی مسائل کے حل کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے وفود کو یقین دلایا کہ ان کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا اور متعلقہ محکموں کو ہدایات جاری کی جائیں گی تاکہ عوام کو فوری ریلیف فراہم کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کا مقصد عوامی فلاح و بہبود، ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل اور عوامی اعتماد کی بحالی ہے۔ فضل حکیم خان نے مزید کہا کہ پارٹی کارکنان عوامی رابطے کا اہم ذریعہ ہیں اور ان کی تجاویز اور مشورے حکومت کے لیے رہنمائی کا باعث بنتے ہیں۔ انہوں نے کارکنان کا شکریہ ادا کیا کہ وہ عوامی مسائل کو اجاگر کرتے ہیں اور خیبرپختونخوا حکومت کے ساتھ تعاون کرتے ہیں۔ ملاقات کے اختتام پر وفود نے صوبائی وزیر کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ ان کے مسائل جلد حل ہوں گے۔