وزارتِ موسمیاتی تبدیلی کا حیاتیاتی تنوع کے تحفظ کے لیے نیا قومی منصوبہ تیار

پیر 6 اکتوبر 2025 19:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اکتوبر2025ء) وزارتِ موسمیاتی تبدیلی نے پاکستان میں ماحولیاتی تحفظ کے لیے 2026 سے 2030 تک کے لیے نیشنل بائیو ڈائیورسٹی اسٹریٹجی اینڈ ایکشن پلان کا اعلان کر دیا ۔ اس نئے منصوبے کا مقصد ملکی ماحولیاتی نظام کی بحالی، نایاب جانداروں کا تحفظ اور قدرتی وسائل کا پائیدار استعمال ہے۔اقوامِ متحدہ کے ترقیاتی پروگرام اور عالمی ماحولیاتی سہولت کے تعاون سے تیار کیا گیا یہ منصوبہ 454 محفوظ علاقوں کی مؤثر نگرانی اور بحالی کو یقینی بنائے گا۔

اس کے ساتھ ساتھ یہ منصوبہ پاکستان کو عالمی بائیو ڈائیورسٹی معاہدے مونٹریال فریم ورک سے ہم آہنگ کرے گا جو حیاتیاتی تنوع کے عالمی اہداف کا ایک جامع خاکہ ہے۔وزارت کے حکام کے مطابق یہ منصوبہ نہ صرف قدرتی ماحول کی حفاظت کرے گا بلکہ مقامی کمیونٹیز کو روزگار، تعلیم اور ماحول دوست ترقی کے نئے مواقع بھی فراہم کرے گا۔

(جاری ہے)

اس منصوبے کے تحت جنگلات کے رقبے میں اضافہ ہو گا، دریا اور آبی ذخائر کو آلودگی سے پاک کیا جائے گا، مینگرووز اور ساحلی حیات کا تحفظ یقینی بنایا جائے گا، نایاب انواع جیسے انڈس ڈولفن کی بقاء پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔

عوامی حلقوں اور ماحولیاتی ماہرین نے وزارت کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ یہ قدم پاکستان کو ایک سرسبز، محفوظ اور پائیدار مستقبل کی جانب لے جائے گا۔