وائس چیئرپرسن اوپی سی پنجاب بیرسٹر امجد ملک سے دی رائٹ ریورنڈ ندیم کامران، بشپ آف لاہور اور فادر فلک شیر کی ملاقات

پیر 6 اکتوبر 2025 19:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اکتوبر2025ء) اوورسیز پاکستان کمیشن پنجاب کے وائس چیئرپرسن بیرسٹر امجد ملک سے دی رائٹ ریورنڈ ندیم کامران، بشپ آف لاہور اور مانچسٹر (برطانیہ) سے آئے فادر فلک شیر نے ملاقات کی۔ملاقات میں اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل، ان کی فلاح و بہبود اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

بیرسٹر امجد ملک نے اس موقع پر کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کو بہتر اور تیز ترین سہولیات فراہم کرنے کیلئے او پی سی سہولت سینٹر کو فعال کر دیا گیا ہے، جبکہ پنجاب میں جلد اوورسیز پاکستانیوں کیلئے خصوصی عدالتیں قائم کی جا رہی ہیں تاکہ ان کے قانونی مسائل جلد حل ہو سکیں۔انہوں نے کہا کہ اب اوورسیز پاکستانی دنیا کے کسی بھی ملک سے اپنے کیسز کی پیروی کر سکیں گے۔

(جاری ہے)

سہولت سینٹر کے ذریعے بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کو ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا، جبکہ سائلین کے لیے خصوصی ہیلپ لائن کا اجراء بھی کیا جا رہا ہے۔بیرسٹر امجد ملک نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی ملک کا قیمتی سرمایہ ہیں جنہوں نے بیرونِ ملک پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ ملکی معیشت کو مضبوط بنانے میں بھی کلیدی کردار ادا کیا ہے۔بشپ ندیم کامران نے اوورسیز کمیشن پنجاب کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ بین المذاہب ہم آہنگی اور معاشرتی اتحاد کے فروغ کیلئے مشترکہ اقدامات وقت کی اہم ضرورت ہیں۔فادر فلک شیر نے مانچسٹر میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے مسائل پر روشنی ڈالی اور ان کے حل کے لیے اوورسیز پاکستان کمیشن پنجاب کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔