گوجرانوالہ،ضلعی انتظامیہ کے زیر انتظام سموگ کے خلاف آگاہی مہم کے سلسلے میں آگاہی واک کا انعقاد

منگل 7 اکتوبر 2025 22:42

گوجرانوالہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اکتوبر2025ء) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے خصوصی احکامات اور ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ نوید احمد کی ہدایات پر سموگ کے خلاف آگاہی مہم کے سلسلے میں آگاہی واک کا انعقاد کیا گیا۔ واک جنرل بس سٹینڈ سے لے کر جی ٹی روڈ تک منعقد کی گئی، جس کی قیادت سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی (RTA) غلام مصطفی انصاری نے کی۔

واک میں ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی، گوجرانوالہ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی (GWMC)، ٹریفک پولیس، نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر وے پولیس، پٹرولنگ پولیس، اور محکمہ تحفظ ماحولیات (EPA) گوجرانوالہ کے افسران و اہلکاروں کے علاوہ شہری سوسائٹی، اور معزز شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔آگاہی واک کا مقصد شہریوں کو سموگ کے مضر اثرات اور اس سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر سے آگاہ کرنا تھا۔

(جاری ہے)

واک کے دوران پمفلٹس تقسیم کیے گئے اور ماحولیاتی تحفظ کے حوالے سے عوام میں شعور بیدار کرنے کے لیے مختلف پیغامات دیے گئے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری آر ٹی اے غلام مصطفی انصاری نے کہا کہ سموگ ایک سنگین ماحولیاتی مسئلہ ہے جس سے بچاؤ کے لیے حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ عوام کو چاہیے کہ وہ غیر ضروری گاڑیوں کے استعمال سے گریز کریں، گاڑیوں کی بروقت سروس کروائیں، اور کچرا یا فصلوں کی باقیات کو آگ نہ لگائیں۔واک میں شریک اداروں نے سموگ کے تدارک کے لیے اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کروائی۔\378