ڈپٹی کمشنر سوات سے بریکوٹ قومی جرگہ کے وفد کی ملاقات علاقائی امن، خوشحالی اور ترقی پر گفتگو

منگل 7 اکتوبر 2025 22:29

سوات (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 اکتوبر2025ء) ڈپٹی کمشنر سوات سلیم جان مروت سے بریکوٹ قومی جرگہ کے نمائندہ وفد نے سابق ڈائریکٹر انفارمیشن نورالہادی اور عجب خان کی سربراہی میں ان کے دفتر کے کانفرنس روم میں ملاقات کی۔ ملاقات میں علاقائی امن و امان، سیکیورٹی کی صورتحال، سماجی و معاشی ترقی، اور عوامی مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

بریکوٹ قومی جرگہ کے وفد میں نورالہادی، بختیار خان، عجب خان، واحد کرم خان سمیت جرگہ کے دیگر سرکردہ مشران شامل تھے۔ وفد نے ضلعی انتظامیہ کی توجہ دریائے سوات میں غیر قانونی مائننگ، تجاوزات، بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ، بریکوٹ ہسپتال میں سہولیات کی کمی، سیلاب متاثرین کی بحالی، نوجوانوں میں منشیات کے بڑھتے ہوئے رجحان، چوری اور ڈکیتیوں کے واقعات، پولیس گشت اور چیک پوسٹس کی بحالی جیسے اہم عوامی مسائل کی جانب مبذول کرائی۔

(جاری ہے)

ملاقات کے دوران علاقے میں دیرپا امن و امان کے قیام اور خطے کی پائیدار خوشحالی کیلئے مشترکہ اقدامات پر زور دیا گیا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر سوات سلیم جان مروت نے کہا کہ سوات کے امن و استحکام کے دشمن عناصر کے خلاف ہم سب کو ایک صف میں کھڑا ہونا ہوگا۔ انتظامیہ، پولیس، جرگہ عمائدین اور عوام مل کر ہی ایک پرامن اور خوشحال سوات کی بنیاد رکھ سکتے ہیں۔

جرگہ کے اراکین نے یقین دہانی کرائی کہ:ہم دہشت گردی اور ملک دشمن عناصر کے خلاف حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، اور امن کے قیام کیلئے ہر ممکن تعاون فراہم کریں گے۔ڈپٹی کمشنر سوات نے جرگہ اراکین کے تمام مسائل نہایت توجہ سے سنے اور ہر مسئلے کے حل کے حوالے سے عملی اقدامات کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے تمام مسائل کے حوالے سے تفصیلی جوابات دئے اور تمام مسائل کے حل کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہضلعی انتظامیہ عوامی مسائل کے حل کیلئے ہر ممکن وسائل بروئے کار لارہی ہے۔ جرگہ اور عوامی نمائندگان کے ساتھ مسلسل رابطہ ہماری ترجیح ہے تاکہ مشترکہ کوششوں سے سوات کی ترقی، امن اور خوشحالی کو یقینی بنایا جا سکے۔